نیب سکھر نے مفرور اشتہاری ملزم ارشاد علی چنّا گرفتار کر لیا

نیب سکھر نے مفرور اشتہاری ملزم ارشاد علی چنّا گرفتار کر لیا

اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو(نیب)سکھر نے اشتہاری،مفرور اور دھوکے باز قرار دئے گئے ملزم ارشاد علی چنا کو گرفتار کر لیا ہے۔نیب کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق مذکورہ ملزم موبائل فون نمبر 9659963۔0336 کے ذریعے مسلسل سرکاری افسران/ملازمین، سیاستدانوں ، بینکاروں،عام شہریوں کو ٹیلی فون کرکے دھوکہ دہی کے ذریعے رقوم بٹور رہا تھا۔تفتیش کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ دھوکے باز مبینہ نیب افسرکے زیر استعمال موبائل نمبر 9659963۔0336 کوہاٹ کے رہائشی امیر بادشاہ ولد زرگون شاہ کے نام سے رجسٹرڈ تھا۔یہ بات بھی ریکارڈ میں آئی کہ مذکورہ مابائل فون نمبر کسی اور کے زیر استعمال ہے جو جعلسازی کے ذریعے خود کو نیب افسر ظاہر کرتا تھا۔مذکورہ موبائل نمبر کی تحقیقات خفیہ اداروں کے حکام سے بھی کرائی گئیں، جنھوں نے اصل مجرم کی شناخت ارشاد علی چنا ولد محمد یوسف چنا سی این آئی سی نمبر 41504-0342765-1 ساکن جامشورو کے نام سے کی۔نیب سکھر کی ٹیم نے انٹیلی جینس ادارے کی ٹیم اور مقامی پولیس کی مدد سے مذکورہ دھوکے باز ارشاد علی چنا ولد یوسف چنا کو تلاش کر کے حراست میں لے لیا ہے۔ذرائع کی معلومات اور تفتیش کے مطابق دھوکے بازارشاد علی چنا نے سرکاری محکموں،سیاستدانوں اور نجی افراد سے رقوم بٹورنے کا اعتراف کر لیا ہے۔رقوم بٹورنے کے لئے ایزی پیسہ،ایزی لوڈ (الیکٹرانک ذرائع سے رقوم منتقلی)کے ذرائع استعمال کیا گیا۔مذکورہ دھوکہ باز کے خلاف پولیس سٹیشن جامشورو میں ایک ایف آئی آر نمبر88/2018 درج کر لی گئی ہے۔مذکورہ دھوکے باز پولیس ریمانڈ پر ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس سے مزید معلومات حاصل کی جاسکیں۔

اشتہاری گرفتار

مزید : علاقائی