تبدیلی آنے پر پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے، شیریں مزاری

تبدیلی آنے پر پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے، شیریں مزاری

اسلام آباد(آن لائن) تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے الزام عائد کیا ہے مسلم لیگ (ن) نے بے تحاشا سرمایہ خرچ کر کے بین الاقوامی رائے عامہ فرم کے ذریعے بھارتی اور عالمی میڈیا میں عمران خان کا منفی تاثر پیش کرنے کی کوشش کی اس کے باوجود ملک بھر میں ہمارے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا ہے جبکہ عمران خان کی ایمانداری پر اعتماد کرتے ہوئے اسلامی ترقیاتی بنک ساڑھے چار ارب ڈالر جبکہ سعودی حکومت 2 ارب ڈالر کے آسان قرضے دینے پر رضا مند ہے اور آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز نجی ٹی وی کے پروگرام کرتے ہوئے تحریک انصاف کی مرکزی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ تبدیلی پر پوری قوم مبارک باد کے مستحق ہے اور ملک بھر میں ہماری جماعت کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا ہے انہوں نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ ن نے ایک بین الاقوامی لابنگ فارم کے ذریعے بے تحاشہ سرمایہ خرچ کر کے بھارتی اور بین الا قوامی میڈیا کے ذریعے عمران خان کا منفی تاثر پیش کرنے کی کوشش کی اس کے باوجود ہماری جماعت کو کامیابی ملی انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف میں جانے یا نہ جانے کا فیصلہ اسد عمر اور ان کی ٹیم کرے گی لیکن ہو سکتا ہے کہ اس کی ضرورت ہی پیش نہ آئے کیونکہ ابھی عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا حلف بھی نہیں لیا تو روپے کی قدر میں خاصی بہتری آ چکی ہے سٹاک مارکیٹ بھی اوپر جانا شروع ہو گئی ہے جبکہ سونے کی قیمت بھی کافی کم ہوئی ہے۔ عمران خان کی ایمانداری اور قائدانہ صلاحیتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مثبت تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں انہوں نے کہا کہ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا انتخابات میں فوجی مداخلت کا بیان مضحکہ خیز ہے ان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے کہ ان کا اپنا صدر روس کی مدد سے اپنے عہدے تک پہنچا ہے۔

شیریں مزاری

مزید : علاقائی