چارسدہ میں2 بچوں سمیت 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

چارسدہ میں2 بچوں سمیت 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

چارسدہ (بیورو رپورٹ) چارسدہ میں دو بچوں سمیت چار افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔ کلیاس روڈ پر رہزنی کی خونی واردات ۔ دیدہ دلیر رہزنوں نے ماموں بھانجے کو موٹر سائیکل سے اتار کر پھانسی کا پھندا لگایا اور دونوں کے ہاتھ باندھ کر اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کر دیا ۔ ملزمان مقتولین کی موٹر سائیکل ، نقدی اور موبائل فون بھی ساتھ لے گئے ۔ایک مقتول کی اگلے ہفتے شادی طے تھی۔ فلائنگ کوچ اور موٹر سائیکل میں دو بچے جاں بحق ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سرڈھیری کے حدود سپین اراب کے قریب مسلح رہزنوں نے ناکہ لگا کر موٹر سائیکل پر شاہ ڈھند سے کلیاس جانیوالے ماموں سلمان ولد سراج اور بھانجے کامران ولد کریم کو زبر دستی روک کر ان کے ہاتھ باندھے اور پھند ا لگا نے کے بعد اندھادھند فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کر دیا ۔ واقعہ کے بعد ملزمان مقتولین کی موٹر سائیکل ، نقدی اور موبائل فون ساتھ لے گئے ۔ واقعہ کے بعد پولیس نے نعشوں کو ہسپتال منتقل کرکے پو سٹمارٹم اور قانونی کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی ۔ پولیس نے مقتول کے بھائی وارث خان ولد کریم کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ۔ مقتول کے بھائی وارث خان نے ہسپتال میں میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ ان کے مقتول بھائی کامران کی شادی اگلے ہفتے طے تھی مگر ظالموں نے ہماری خوشیاں چھین لی ۔ایک اور واقعہ میں پشاور روڈ پر تیز رفتار فلائنگ کوچ نے موٹر سائیکل ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دو کمسن بچے احمد ولد خان محمد اور سبیح اللہ ولد تحسین اللہ شدید زخمی ہو گئے جو بعد ازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر زندگی کی بازی ہار گئے ۔ پولیس نے فلائنگ کوچ ڈرائیور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر