ایم ایم اے کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا ، شاہ اویس نورانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ عمران خان خلائی مخلوق کا ٹیسٹ ٹیوب بے بی ہے ۔ پنجاب میں حکومت بنانا ن لیگ کا جمہوری حق ہے ۔ پی ٹی آئی پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ کر رہی ہے ۔ ایم ایم اے کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی بی ٹیم کا کردار ادا کیا ۔ اے پی سی میں دس سیاسی جماعتوں نے الیکشن نتائج مسترد کرکے الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ عمران خان کو جتوانے والے بہت جلد پچھتائیں گے ۔ من پسند نتائج کے لئے ہر ناجائز حربہ استعمال کیا گیا ۔ اس بار پولنگ کے دوران کم جبکہ پری پول اور پوسٹ پول دھاندلی زیادہ کی گئی ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے مرکزی عہدیداران کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ خواجہ سعد رفیق کے حلقے میں ہر پولنگ اسٹیشن کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ تسلیم نہ ہونا ناانصافی ہے ۔ الیکشن کمیشن تحریک انصاف کا سہولت کار نہ بنے ۔ دھاندلی کے باوجود عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے کے لئے ممبران کی مطلوبہ تعداد پوری نہیں ہو سکی ، اب ہارس ٹریڈنگ اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر کے پی ٹی آئی کی حکومت بنوانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ جے یو پی جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ لاڈلے کو اقتدار دینے کے لئے خفیہ ہاتھوں نے کمال دکھایا ہے ۔ عمران خان غیر سیاسی قوتوں کا مہرہ بن چکا ہے ۔ ایم ایم اے دھاندلی زدہ الیکشن کے خلاف زوردار احتجاج کرے گی ۔ دھاندلی کے ذریعے عوام کے ووٹ کی تذلیل کرنے والے قومی مجرم ہیں