ناقص کارکردگی : نواب اسحاق خاکوانی کیخلاف بھی بغاوت ، کھلاڑی تبدیلی کے خواہشمند

ناقص کارکردگی : نواب اسحاق خاکوانی کیخلاف بھی بغاوت ، کھلاڑی تبدیلی کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


میلسی(نمائندہ پاکستان)تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر نواب اسحاق خان خاکوانی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے تحریک انصاف ضلع وہاڑی میں قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی چار نشستوں سے محروم ہو گئی جنوبی پنجاب کے صدر خود بھی قومی اور صوبائی دونوں نشستوں سے ہار گئے تحریک انصاف کے عہدیداروں نے چیئرمین عمران خان سے ناقص کارکردگی پر اسحاق خاکوانی کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا ۔تفصیل کیمطابق حالیہ الیکشن میں تحریک انصاف نے ملک گیر کامیابی حاصل کی لیکن جنوبی پنجاب کے صدر نواب اسحاق خان خاکوانی کے ہوم ڈسٹرکٹ ضلع وہاڑی میں تحریک انصاف قومی اسمبلی(بقیہ نمبر40صفحہ7پر )

کی چار میں سے دو ،جبکہ صوبائی اسمبلی کی آٹھ میں سے صرف چار نشستیں حاصل کر سکی میلسی اور وہاڑی کے قومی حلقوں این اے 164 اور این اے 165 اور ذیلی صوبائی حلقوں پی پی 233 ، پی پی 235، پی پی 236 کے علاوہ پی پی 231 میں تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ حلقہ این اے 163 سے صدر جنوبی پنجاب نواب اسحاق خاکوانی خود امیدوار تھے اور اسی حلقہ کی ذیلی نشست سے بھی الیکشن میں حصہ لیا تا کہ وہ بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کی دوڑ میں شامل ہو سکیں تا ہم حلقہ میں عدم رابطہ اور طویل غیر حاضری کی وجہ سے ایک غیر مقبول امیدوار ثابت ہوئے اور خود دونوں نشستوں سے ہار گئے اور بوریوالہ کے مضبوط سیاسی دھڑے چوہدری نذیر احمد جٹ اور عائشہ نذیر جٹ سے اختلافات کی وجہ سے پہلے عائشہ نذیر جٹ کے پینل کو تحریک انصاف کی ٹکٹیں جاری کی گئیں اور بعد ازاں عائشہ نذیر جٹ کی بہن ڈاکٹر عارفہ نذیر جٹ کی جانب سے اسحق خاکوانی کے مد مقابل آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے پر جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر نے عائشہ نذیر جٹ کے پینل کی ٹکٹیں منسوخ کرادیں جس کے نتیجے میں این اے 162 اور این اے 163 دونوں حلقوں کے علاوہ ذیلی صوبائی حلقوں سے تحریک انصاف کے تمام امیدوار الیکشن ہار گئے اور باہمی مقابلے کی وجہ سے (ن) لیگ کیلئے راستہ ہموار کر دیا جس کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) نے بھی قومی اسمبلی کی دو اورصوبائی اسمبلی کی چار نشستیں حاصل کر کے ضلع وہاڑی میں مقابلہ برابر کر دیا جس کی بڑی وجہ نواب اسحاق خاکوانی کی ان حلقوں میں ناقص پالیسیاں اور من مانی کا رویہ تھا ان نتائج پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار اسحاق خان خاکوانی کو قرار دیا اور چیئرمین عمران خان سے مطالبہ کیا کہ ان کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر پارٹی سے مخلص اور محنتی شخصیت کو آگے لایا جائے ۔