وفاق میں حکومت بنانے کا کیوں نہیں سوچتے ؟اے پی سی اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کا ساتھیوں کومشورہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ (ن)کے رہنما اورسابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے گھر آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف ، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، غلام بلوراور مولانافضل الرحمان سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی ۔
نجی ٹی وی چینل کاذرائع کے حوالے سے کہنا تھا کہ اے پی سی کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان نے تمام شرکا کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ وفاق میں حکومت بنانے کا کیوں نہیں سوچتے؟اگر نمبر گیم پر محنت کی جائے تو کامیابی مل سکتی ہے اور پی پی اور ن لیگ ارادہ کر لیں تومیں زور لگانے کو تیار ہوں۔
مسلم لیگ ن کی کانفرنس میں پیپلز پارٹی , اے این پی, ایم ایم اے اور دیگر جماعتوں نے شرکت کی جس دوران حکومت سازی اور موجودہ سیاسی معاملات پر گفتگو کی گئی ۔
صدر ن لیگ کی زیرصدارت ہونیوالی اے پی سی میں پیپلزپارٹی کی طرف سے قمر زمان کائرہ ، یوسف رضاگیلانی ، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان ، فرحت اللہ بابر، خورشید شاہ ، ندیم قمر، ن لیگ کے سردار ایاز صادق،خواجہ آصف، مشاہد حسین، احسن اقبال ،خواجہ سعد رفیق، شاہدخاقان عباسی، راجہ ظفرالحق، امیرمقام جبکہ ایم ایم اے کی طرف سے جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور اے این پی کے میاں افتخار احمد سمیت دیگر سیاسی قائدین نے شرکت کی ۔