’فرشتے جیسی شکل، چیتے جیسا دل‘ یہ بہادر ترین مسلمان لڑکی کون ہے؟ جان کر ہر مسلمان تعریف کرنے پر مجبور ہوجائے گا
یروشلم(مانیٹرنگ ڈیسک) فلسطینی لڑکی احد تمیمی کی صورت فرشتوں جیسی معصوم ہے لیکن اس کا دل شیر کی طرح جرأت مند ہے۔ اس بہادر لڑکی کے بارے میں یہ بات کسی فلسطینی نے نہیں کہی بلکہ مغرب کا میڈیا یہ بات کہنے پر مجبور ہو گیا ہے۔ یہ وہی لڑکی ہے جس نے غیر معمولی بہادری کا ثبوت دیتے ہوئے ایک مسلح اسرائیلی فوجی کے منہ پر تھپڑ دے مارا تھا۔
اس ’جرم‘ کی پاداش میں احد تمیمی کو گرفتار کر لیا گیا اور اسرائیل کی ایک جیل میں قید کر دیا گیا۔ اسرائیلی عدالت کی جانب سے اسے آٹھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی جس کا سامنا اس نے بے مثال ہمت کے ساتھ کیا ہے۔ آٹھ ماہ کی اسیری کے بعد جب وہ جیل سے باہر نکلی تو سارے فلسطین میں ”اسرائیل مردہ باد!“ کے نعرے گونج اُٹھے۔ مغربی کنارے میں وہ اپنے گاﺅں نبی صالح پہنچی تو وہاں ہزاروں فلسطینیوں کا ہجوم اسے خوش آمدید کہنے کے لئے موجود تھا۔
احد تمیمی کہتی ہیں کہ جیل میں ان کا زیادہ تر وقت مطالعہ کرتے ہوئے گزرااور وہ اب قانون کی تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں تاکہ اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف سیاسی جدوجہد کے ساتھ قانونی جدوجہد بھی کرسکیں۔ اپنی قید کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ”میں جیل میں اس بات پر غوروفکر کرتی رہی کہ اپنے لوگوں کا پیغام عالمی سطح پر کیسے پہنچاسکتی ہوں۔ قید نے مجھے بہت کچھ سکھایا ہے۔ میں یہ سمجھنے کے قابل ہوئی ہوں کہ اپنے وطن کا پیغام دنیا تک کیسے لے کر جاسکتی ہوں۔ امن ہم سب کا بنیادی حق ہے، سب انسان آزادی اور عدل کی زندگی کے حقدار ہیں۔ میں اپنے لوگوں کو یہ حق دلوانے کیلئے ہر سطح پر کوشش کروں گی اور جب تک انہیں یہ حق نہیں ملتا میری جدوجہد جاری رہے گی۔“