یہ بوڑھی خاتون جسے آج کوئی بس میں اپنی سیٹ دینے کو بھی تیار نہیں، ماضی کی کون سی معروف سٹار ہے؟ جان کر آپ بھی سوچیں گے وقت کیسے بدلتا ہے
ممبئی(نیوز ڈیسک) بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے، اس مصرعے کی عملی تفسیر دیکھنا چاہیں تو بے سروسامانی اور بیچارگی کی تصویر بنی اس معمر بھارتی خاتون کو دیکھ لیجئے۔ آج یہ عالم ہے کہ اسے بھکارن سمجھ کر کوئی اپنے قریب بٹھانے پرتیار نہیں لیکن ایک وقت ایسا بھی تھا کہ یہ ناصرف قومی سطح کی کھلاڑی تھی بلکہ ماڈلنگ بھی کرتی تھی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ حیرتناک کہانی ایک خاتون ٹوئٹر صارف نے سوشل میڈیا پر شئیر کی ہے۔ یہ خاتون بتاتی ہیں کہ ’’ بس میں یہ بوڑھی خاتون سوار ہوئی تو اس کے بال بکھرے ہوئے تھے اور وہ انتہائی بدحال نظر آتی تھی۔ اس کے پاس پرانے کپڑوں سے بھرا ایک بیگ تھا اور کوئی بھی اسے اپنے پاس بٹھانے کو تیار نہیں تھا۔ اس نے ایک، دو لوگوں سے سیٹ کی درخواست کی لیکن کسی نے اس کے لئے سیٹ خالی نا کی۔ کچھ دیر بعد اسے میرے ساتھ والی سیٹ مل گئی۔ اس نے میرے ساتھ بات چیت شروع کر دی اور پھر کچھ ایسے انکشافات کئے کہ میں حیران رہ گئی۔ اس کا نام آئیوی ہے اور اس نے بتایا کہ وہ قومی سطح کی ہاکی کی کھلاڑی رہ چکی ہے اور پارٹ ٹائم ماڈلنگ بھی کرتی تھی۔ ایک وقت پر وہ بھارت کے فرانسیسی سفارتخانے میں ملازمت بھی کر چکی تھی، مگر آج یہ حالت تھی کہ ضعیف العمری کے باوجود کوئی اس کے لئے سیٹ خالی کرنے کو بھی تیار نہیں تھا۔ ‘‘
یہ المناک کہانی سوشل میڈیا پر شئیر کرنے والی خاتون کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے لوگوں کے رویے پر افسردگی کا اظہار کیا تو معمر خاتون کہنے لگی ’’ان لوگوں کا میرے بارے میں یہ تاثر محض اس ایک گھنٹے کے سفر تک محدود ہے۔ میرے 65 سال کے سفر کو اس ایک گھنٹے سے کیا فرق پڑتا ہے۔‘‘