تھانوں میں نئی گاڑیوں کی فراہمی کیلئے اعلی سطحی اجلاس

تھانوں میں نئی گاڑیوں کی فراہمی کیلئے اعلی سطحی اجلاس

  

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر تھانوں میں 500نئی گاڑیوں کی فراہمی کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ علی عامر ملک نے کی جبکہ سی سی پی اولاہور سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی اجلاس میں ڈی آئی جی ٹیلی اکبرناصر خان اور ایس ایس پی موٹر ٹرانسپورٹ(ایم ٹی) اسد سرفراز خان بھی موجودتھے۔ دوران اجلاس ایس ایس پی ایم ٹی اسد سرفراز خان نے تھانوں میں گاڑیوں کی تقسیم کیلئے وضع کردہ فارمولے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ اضلاع کے تھانوں میں گاڑیوں کی تقسیم کے عمل میں جرائم کی شرح، آبادی کا تناسب،تھانے کا رقبہ، جغرافیہ او رضلع میں گاڑیوں کے موجودہ فلیٹ کی صورتحال کو مد نظر رکھا گیا ہے جبکہ نئی گاڑیوں کی تقسیم سے اضلاع کے فلیٹ میں موجود بہتر گاڑیوں کا تناسب 30فیصد سے بڑھ کر 59فیصد ہوجائے گا ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ علی عامر ملک نے سی سی پی اولاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تمام افسران گاڑیوں کی تقسیم کے فارمولے کے متعلق اپنی تجاویز و سفارشات ایک ہفتے کے اندر سنٹرل پولیس آفس کی لاجسٹکس برانچ میں بھجوائیں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی کاوشوں سے حکومت پنجاب کی جانب سے تھانوں کو 500نئی گاڑیوں کی فراہمی انتہائی احسن اقدام ہے جس سے تمام اضلاع کے تھانوں کی آپریشنل سرگرمیوں، پٹرولنگ ڈیوٹی سمیت دیگر پیشہ ورانہ امور کی ادائیگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ نئی گاڑیوں کی فراہمی سے پولیس فورس کی مجموعی استعداد کار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی سے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے عمل میں مزید بہتری آئے گی۔اجلاس میں شریک تمام افسران نے زیر بحث امور کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے اپنی آراء بھی پیش کیں۔

مزید :

علاقائی -