امریکہ، غیر قانونی مقیم افراد کو تحفظ دینے والے قانون ”ڈاکا“ میں ایک سال توسیع
واشنگٹن(اظہر زمان، بیورو چیف) صدر ٹرمپ نے ”ڈاکا“ کہلانے والے قانون میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔ بچپن میں والدین کے ساتھ دستاویزات کے بغیر امریکہ داخل ہونے والے 10افراد کو سابق صدر اوبامہ کے دور میں اس قانون کے تحت عارضی قیام کی اجازت ملی تھی۔ شرط یہ تھی کہ امریکہ میں داخل ہوتے وقت ان کی عمر سولہ برس سے کم ہونی چاہئے۔ صدر ٹرمپ نے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف مہم کے دوران ”ڈاکا“ کا نفاذ بھی منسوخ کر دیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں صدر کے اقدام کو کالعدم کر دیا تھا۔ ”نیوز میکس“ ٹی وی چینل نے وائٹ ہاؤس کے جن سینئر حکام کے حوالے سے یہ رپورٹ دی ہے ان کے نام ظاہر نہیں کئے۔ اس رپورٹ کے مطابق امیگریشن کا محکمہ ”ڈاکا“ کے تحت کوئی نئی درخواست وصول نہیں کرے گا اور ایک سال کی توسیع بھی ہر کیس کا الگ الگ جائزہ لے کر کی جائے گی۔ محکمہ کے ریکارڈ کے مطابق اس وقت تقریباً سات لاکھ کے قریب بغیر دستاویزات والے افراد امریکہ میں موجود ہیں جنہیں ”ڈاکا“ کی وجہ سے تحفظ ملا ہے۔ صدر ٹرمپ نے 2016ء کی صدارتی مہم میں ایسے غیر قانونی ا فراد کے خلاف تحریک چلائی تھی اور مبصرین کے مطابق وہ موجودہ انتخابات میں مقبولیت حاصل کرنے کے لئے پھر اس معاملے میں تیزی دکھا رہے ہیں۔
”ڈاکا“