کراچی میں تباہی میں پی پی اور متحدہ ملوث ہیں،سلیم حیدر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی کے ساتھ صوبائی حکومت کا رویہ سوتیلی ماں جیسا ہے، پورے کراچی کے عوام بجلی، پانی اور برسات کے ہاتھوں پریشانی کا شکار ہیں۔ بلدیاتی ادارے لوٹ کھسوٹ میں لگے ہوئے ہیں، میئر کراچی کے چار سال گزر جانے کے باوجود بھی کراچی میں نہ تو کوئی ترقیاتی کام ہوا ہے اور نہ ہی انفراسٹرکچر صحیح کیا جاسکا جس کے باعث پورا کراچی گندے پانی کا جوہڑ بن چکا ہے۔ ایم کیوایم کی قیادت ماضی کی طرح اب بھی اختیارات کا رونا رو کر اپنے آپ کو بری الزمہ قرار نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے کراچی میں اس وقت نہ تو صوبائی حکومت اور نہ ہی پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کے منتخب نمائندے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ عروس العباد کراچی کو اندھیروں کا شہر بنانے کے دنیا کا سب سے بڑا گوٹھ بنادیا گیا ہے۔ کراچی کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔ پیپلزپارٹی کی حکومت مہاجر دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی میں نہ تو کوئی پیسہ لگانے کو تیار ہے اور نہ ہی ادارے بنانے کو۔ دیہی سندھ کے حکمران کراچی کو موہنجودڑو بنانا چاہتے ہیں اور اس پر وہ تیزی سے عمل کررہے ہیں۔