وزیر تعلیم کی ہری پور ماڈل سکول کا باقی 30فیصد تعمیراتی کام فی الفور مکمل کرنے کی ہدایت

وزیر تعلیم کی ہری پور ماڈل سکول کا باقی 30فیصد تعمیراتی کام فی الفور مکمل ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے ہری پور ماڈل سکول کا بقایا30 فیصد تعمیراتی کام فی الفورمکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماڈل سکول کی تمام 114 کنال اراضی کی چاردیواری، پلے گراؤنڈ، طلبہ وسٹاف ہاسٹل اورپرنسپل کی رہائش گاہ وغیرہ کا نظرثانی شدہ پی سی ون صوبائی حکومت کی منظوری کے لیے پیش کرے۔ ا نہوں نے کیڈٹ کالج ہری پور کی تعمیر کے لئے حصول اراضی کا عمل بھی فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ یہ ہدایات انہوں نے کاہل میرپور کے مقام پر زیر تعمیر ہری پور ماڈل سکول پر کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لینے کے لئے سکول کے دورے اور کیڈٹ کالج کے لئے مجوزہ مقامات کے معائنے کے موقع پر جاری کیں۔ جہاں انہیں منصوبوں کی اب تک کی پیش رفت،تکمیل کی مدت اور ان میں درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔خیبر پختونخوا کے سیکرٹری ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری کے علاوہ سی این ڈبلیو اور محکمہ مال کے حکام بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہری پور کی عوام کو ایبٹ آباد پبلک سکول کی طرز پر مقامی طور پر تعلیم کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے 246.853 ملین روپے کی لاگت سے ہری پور ماڈل سکول کی تعمیر کا منصوبہ 2018 میں شروع کیا گیا تھا جو آئندہ جون میں مکمل کیا جائے گا۔ وزیرتعلیم اکبر ایوب خان نے اس موقع پر کہا کہ جدید ماڈل سکول ہری پور کے عوام کی اس وقت شدید ضرورت ہے اس لئے اس منصوبے میں کسی قسم کی تاخیر کے امکانات کو بروقت اقدامات سے ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکول کے 30 فیصد بقایا تعمیراتی کام کا نظرثانی شدہ پی سی ون فوراًتیار کیا جائے اورفنڈ ز کی کمی یا دیگر کسی وجہ سے114کنال کی چار دیواری کومختصرکرنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سکول کے اصل منصوبے پر مکمل عمل درآمد کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی تاکہ سکول کے اجراء کے بعد کسی قسم کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔دریں اثنا وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے ہری پور کے لئے منظور کئے گئے کیڈٹ کالج کی تعمیر کے لیے بھی دو خان پور روڈ پرکاہل میرپور اور لورہ روڈ پر موضع سیریاں بجوالہ میں موجود مجوزہ وسیع اراضی کابھی دورہ کیا اور متعلقہ محکموں کے ہمراہ ان مقامات پر کیڈٹ کالج کی تعمیر کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر محکمہ مال کے افسران نے صوبائی وزیر اورسیکر ٹری تعلیم کو محکمہ مال کے نقشے (لٹھے) کی مدد سے اراضی کی ممکنہ دستیابی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر کو کاہل میرپور میں 600 کنال اورسیریاں بجوالہ میں 1000 کنال اراضی کا معائنہ کرایا گیا۔اس موقع پر وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے محکمہ مال کو ہدایت کی کہ وہ کیڈٹ کالج کے منصوبے کے لیے اراضی کے انتخاب اور حصول کے اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں تا کہ اس اہم منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج اور ماڈل سکول کا قیام ہری پور کے عوام کی دیرینہ ضرورت ہے جسے پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر موجودہ دور میں ہی پوری کرے گی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -