مشکل حالات میں حکومت کو تنہاء چھو ڑ دیا،ہمایون خان

    مشکل حالات میں حکومت کو تنہاء چھو ڑ دیا،ہمایون خان

  

پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ہمایون خان نے صوبے کی سیاسی اور عوامی صورتحال سمیت پارٹی امور پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، ہمایون خان نے مہنگائی، بے روزگاری اور حکومتی نا اہلی بارے آگاہ کیا، بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام کو مزید تحریک نا انصاف کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، پارٹی کے جیالے ہر قسم کے حالات کے لیئے تیار رہیں، اپوزیشن اب عوامی حقوق کے حصول کے لیئے عملی میدان میں اتررہی ہے۔ اس حوالے سے اہم ملاقات گزشتہ روز اسلام آباد زرداری ہاوس میں ہوئی جس میں صوبائی صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر خزانہ ہمایون خان نے پارٹی چیئرمین کو بتایا کہ خیبر پختونخوا میں مسلسل 7 سال سے صوبائی حکومت عوام کو دھوکے میں رکھتے ہوئے انکی زندگی کو مشکلات سے دوچار کرچکی ہے۔ صوبہ معاشی اور سماجی لحاذ سے تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کردیا گیا ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری روز بروز بڑھتی جارہی ہے جس سے صوبے کی غریب عوام خودکشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا۔ ہمایون خان کی جانب سے صوبے کی تمام تر صورتحال سننے کے بعد پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بالعموم اور خیبر پختونخوا میں بالخصوص تحریک انصاف نے ناانصافی کا بازار گرم کررکھا ہے جس سے عوام براہ راست متاثر ہوکر مشکلات سے دوچار ہوچکے ہیں جسکا مکمل ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جیالوں کو بتا دیا جائے کہ وہ ہر قسم کے حالات کے لیئے تیار رہیں کیونکہ اب عملی میدان میں اتر کر سلیکٹڈ حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا وقت قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب جب جیالے میدان میں آئے ہیں تو مخالف میدان چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی عوام کو عمران خان کی نااہلی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -