"آئین میں وہ جگہ دکھائیں جہاں پر لکھا ہو کہ ۔ ۔ ۔" وزیراعظم کے معاونین کو عہدوں سے ہٹانے کیلئے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

"آئین میں وہ جگہ دکھائیں جہاں پر لکھا ہو کہ ۔ ۔ ۔" وزیراعظم کے معاونین کو عہدوں ...

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کے معاونین کو عہدوں سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیاگیا،چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ آرٹیکل 93مشیروں سے متعلق ہے،معاونین خصوصی سے متعلق نہیں ،آئین میں یہ دکھائیں جس جگہ لکھا ہے معاونین دہری شہریت نہیں رکھ سکتے ؟۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں وزیراعظم کے معاونین کو عہدوں سے ہٹانے کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی ،وکیل درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ آرٹیکل 93 کے تحت 5 مشیر مقرر کئے جا سکتے ہیں ،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ آرٹیکل 93مشیروں سے متعلق ہے،معاونین خصوصی سے متعلق نہیں ۔

چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ آئین میں یہ دکھائیں جس جگہ لکھا ہے معاونین دہری شہریت نہیں رکھ سکتے ؟،وکیل اکرام چودھری نے کہاکہ آئین میں ایسا کچھ نہیں لکھالیکن رولز آف بزنس میں یہ پابندی موجود ہے ،رولز 15 میں اس قسم کی پابندی موجود ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ رولز 15 تو 2010 میں حذف کیا جاچکا ہے ،عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -اسلام آباد -