سوشل میڈیا پر وزیراعظم کیخلاف غصے کا اظہار کرنیوالا تحریک انصاف کا سپورٹر بزرگ شہری گرفتار
میانوالی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سوشل میڈیا پر وزیراعظم کیخلاف غصے کا اظہار کرنیوالا تحریک انصاف کا سپورٹر بزرگ شہری گرفتار کرلیا گیا، دائود خیل پولیس نےرات گئے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
سینئر صحافی سید طلعت حسین نے بتایا کہ " سوشل میڈیا پر وزیر اعظم عمران کے خلاف غصے کا اظہار کرنے پر بزرگ شہری کو گرفتار کرلیا گیا، داؤد خیل کے تاج خان کو داؤد خیل پولیس نے رات گئے پکڑ لیا۔ تاج خان نے بجلی کا بل زیادہ آنے پر وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بزرگ اور اس کے بیٹے پی ٹی آئی کے سپورٹر ہیں"۔
یہ خبر سامنے آتے ہی ایک صارف نے لکھا کہ "داود خیل کے مقامی ؤکلا و میڈیا سے درخواست ہے کہ تاج محمد خان صاحب کی قانونی امدا دکریں کیونکہ تاج محمدخان کاتعلق وزیراعظم کے حلقہ سے ہے اور وزیراعظم صاحب ایسے کیسوں میں مداخلت نہیں کرتے"
مدثر نے لکھا کہ " توہین رسالت کے قانون پر تنقید کرنے والے پی ٹی آی والے اپنے لیڈر کی توہین برداشت نہ کرسکے لبرل فواد چوھدری صاحب ، ویکھ رہے او"۔
ایک اور صاحب نے لکھا کہ"کوئی بھی صاحب شعور شخص نا زیبا الفاظ کے استعمال کی حمایت نہیں کر سکتا۔اگر اس بنیاد پر گرفتاریاں کرنی ہیں تو سب سے پہلے اس میدان کے شہسواروں کو گرفتار کریں یا انہیں تہذیب سکھائیں۔ یہ تو ہو گا۔"
عامر چیمہ نے لکھا کہ"اور جب یہ وزیر اعظم کسی دوسرے وزیر اعظم کے بارے میں نازیبا الفاظ ادا کرتا تھا وہ باتیں بھول گیا ؟؟خیر نیا پاکستان ہے"۔
صادق شاہ نے طلعت حسین کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ "بالکل آپ کی معلومات درست ہیں، بجلی کا بل زیادہ انے کے سبب داودخیل کے ایک شہری نے حلقے کے ایم این اے اور ملک کے وزیراعظم کے خلاف ویڈیو میں دشنام طرازی کی جس کے بعد پولیس نے اس شخص کو اٹھا کر حوالات بند کر دیا، ابھی تک ایف آئی آر کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں"