صحت مند بالوں کے لیے انہیں دھونے کا درست طریقہ جانئے

صحت مند بالوں کے لیے انہیں دھونے کا درست طریقہ جانئے
صحت مند بالوں کے لیے انہیں دھونے کا درست طریقہ جانئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) خوبصورت بال شخصیت کی خوبصورتی کے لیے ازحد ضروری ہوتے ہیں اور ہر شخص کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے بالوں کی حتی الامکان حفاظت کرے اور ان کی صحت و صفائی کا خیال رکھے مگر اس کوشش کے دوران بیشتر لوگ غلط طریقے سے بال دھوتے ہیں جو الٹا نقصان کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ اب ماہرین نے بالوں کو دھونے کا درست طریقہ بتا دیا ہے جس پر عمل کرکے آپ اپنے بالوں کو صحت مند اور خوبصورت بنا سکتے ہیں۔ ویب سائٹ holisticlivingtips.comکے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ بالوں کو ہفتے میں کتنی بار دھونا ہے، یہ آپ پر منحصر ہے۔ سردیوں میں آپ ہفتے میں ایک بار بھی دھو سکتے ہیں اور گرمیوں میں روزانہ بھی۔ تاہم اپنے بالوں کو تبھی دھوئیں جب آپ کو اس کی ضرورت محسوس ہو۔
اگر آپ روزانہ نہاتے ہیں تو روزانہ شیمپو ہرگز استعمال نہ کریں۔ اس سے آپ کے سر کی جلد خشک ہو سکتی ہے اور الٹا نقصان ہو سکتا ہے۔ بالوں کو شیمپو کرتے ہوئے سر کی جلد کو مت رگڑیں، بلکہ بالوں میں نرمی سے انگلیاں پھیریں۔ رگڑنے سے بالوں اور سر کی جلد کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ بالوں کو ٹھنڈے یا ہلکے گرم پانی سے دھوئیں۔ گرم پانی سے نہانا ہمارے جسم کے لیے تو بہت فائدہ مند ہوتا ہے لیکن بالوں کے لیے یہ نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ شیمپو بار بار مت بدلیں بلکہ ایک ہی شیمپو تادیر استعمال کریں اور اس کے اپنے بالوں پر اثرات کا جائزہ لیتے رہیں۔ اگر اس سے آپ کو نقصان پہنچ رہا ہے تو پھر شیمپو تبدیل کریں۔بار بار شیمپو تبدیل کرنا بھی بالوں کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔ شیمپو کی زیادہ مقدار بھی استعمال نہ کریں۔ اپنی ہتھیلی پر ایک سکے کے سائز کے برابر شیمپو لیں۔ یہ آپ کے بالوں کے لیے کافی ہو گا۔بالوں میں شیمپو لگانے سے پہلے سر میں اچھی طرح پانی ڈالیں۔ بال معمولی سے بھی خشک نہیں ہونے چاہئیں۔ نہانے کے بعد بالوں کو تولیے سے رگڑیں مت، بلکہ ہلکے ہلکے تھپتھپا کر خشک کریں۔ اسی طرح کنگھی بھی آہستہ کریں تاکہ بالوں کو نقصان نہ پہنچے۔ آپ کو یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ گیلے بال بہت کمزور ہوتے ہیں اور انہیں تولیہ رگڑنے یا سختی سے کنگھی کرنے سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -