تحریک انصاف کا بس ایک ہی کام ہے کہ۔۔۔۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے مسلم لیگ ن کے دل کی بات کہہ دی

تحریک انصاف کا بس ایک ہی کام ہے کہ۔۔۔۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے مسلم لیگ ن کے دل کی ...
تحریک انصاف کا بس ایک ہی کام ہے کہ۔۔۔۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے مسلم لیگ ن کے دل کی بات کہہ دی

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بطورجماعت اور حکومت کام کرنے پر یقین نہیں رکھتی،تحریک انصاف  کا ایک ہی کام ہےکہ اعلان کرو ،وعدے کرو اور بس کام نہیں کرو، پی ٹی آئی کا دوہرا معیار،منافقت کراچی والوں کے سامنے عیاں ہوچکی ہے،بارشوں اور مشکلات کے دوران تحریک انصاف کا کوئی ایم این اے ا،ایم پی اے کراچی نظرنہیں آیا۔ 

تفصیلات کے مطابق  بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے الیکشن سے پہلے اور اقتدار میں آنے کے بعد کراچی والوں کو صرف سہانے خواب دکھائے، پچھلے دوسال میں خان صاحب کا کوئی وعدہ پورا نہیں ہوا، وزیراعظم نے کراچی کی بارشوں پر اب نوٹس لیا ہے جس پر حیرت اور افسوس ہوتا ہے، کراچی میں بارشوں کو گزرے چار روز ہوگئے ،برساتی پانی کی نکاسی ہوچکی ،پریشانی کا مداوا بہت حد تک ہوچکا اور خان صاحب کو کراچی کی یاد آئی مگر بہت دیر کردی مہربان آتے آتے، اب جب بارش کے بعد تقریبا کام ہوچکا ہے تو وفاقی حکومت کو خیال آیا ۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے سوال کیا کہ جب کراچی میں بارش ہورہی تھی تو کیا گورنر کراچی کی سڑکوں پر نظرآئے تھے؟جب کراچی میں بارشوں سے مشکلات سامنے آئیں تو کیا پی ٹی آئی کے وزراء کہیں دکھائی دئیے؟ پی ٹی آئی کا ایم این اے اور ایم پی اے کراچی کے شہریوں کے ساتھ دکھائی نہیں دیا۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اُْس وقت انہیں کراچی کے مسائل حل کرنے اور شہریوں کا احساس نہیں ہوا ،اب کراچی میں بارشوں کے بعد مسئلہ بہت حد تک حل ہوچکا ہے ،اب یہ مگرمچھ کے آنسو بہانے کے لئے سامنے آئے ہیں پی ٹی آئی کا دوہرا معیار،منافقت کراچی والوں کے سامنے عیاں ہوچکی ہے، انکی نظر میں کراچی صرف چندہ مانگنے کی فیکٹری ہے یہ صرف ووٹ اور چندہ لینے آتے ہیں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ ان کا اصول "کراچی آؤ  ووٹ،چندہ لو،مگر کام نہیں کرو "والا ہے آخر کب تک وفاقی حکومت کراچی کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی کرتی رہے گی۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -