سٹاک مارکیٹ میں مندی، سرمایہ کاروں کو 10ارب کا نقصان: روپیہ ڈالر کے سامنے ڈٹارہا سونا 950روپے فی تولہ مہنگا
کراچی (اکنامک رپورٹر)پاکستان سٹاک مارکیٹ جمعرات کو بھی مندی کی لپیٹ میں رہی،کے ایس ای100انڈیکس 47300پوائنٹس کی سطح پر ہی برقرا ررہا تاہم مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے مزید 10ارب روپے ڈوب گئے،مندی کے سبب 60فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔پاکستان سٹاک مارکیٹ جمعرات کو کاروبار کے آغاز سے ہی دباؤ کا شکار رہی،سرمائے کے انخلاء اور پرافٹ ٹینکنگ کی خاطر فروخت کے دباؤ کی وجہ سے انڈیکس 46900پوائنٹس کی پست حد تک گر گیا، کے ایس ای100انڈیکس میں 5.70 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی جس سے انڈیکس 47318.03پوائنٹس سے کم ہو کر 47312.33پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 10.86پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 18974.30پوائنٹس سے گھٹ کر 18963.44پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئر زانڈیکس 32308.28پوائنٹس سے کم ہو کر 32270.88پوائنٹس پر آگیا۔کاروبار ی مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 10ارب78کروڑ50لاکھ1ہزار832روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 82کھرب79ارب 28 کروڑ15لاکھ25ہزار675روپے سے کم ہو کر 82کھرب68ارب49کروڑ65لاکھ 23ہزار 843روپے ہو گیا۔جمعرات کو 12ارب روپے مالیت کے 37کروڑ64 لاکھ 47ہزار حصص کے سودے ہوئے۔ مجموعی طور پر405کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے145کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،243میں کمی اور 17کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔انٹر بینک اورمقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں جمعرات کو ڈالر کے سامنے پاکستانی روپیہ ڈٹا رہا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انٹر بینک میں جمعرات کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید 161.80 اور قیمت فروخت161.90روپے پر مستحکم رہی،اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 191.50 اور قیمت فروخت161.90روپے پر بدستور برقرار رہی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 50پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قیمت خرید189 سے بڑھ کر190روپے اور قیمت فروخت191سے بڑھ کر191.50روپے ہو گئی جبکہ1روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 222 سے بڑح کر223.50روپے اور قیمت فروخت224 سے بڑھ کر225روپے ہو گئی۔عالمی مارکیٹ میں 23ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونے کی قیمت 1822ڈالر ہو گئی جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا مہنگا ہو گیا۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 950روپے کے اضافے سے ایک تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر1لاکھ10ہزار500روپے اور دس گرام سونے کی قیمت815روپے کے اضافے سے94ہزار736روپے پر جا پہنچی۔
سٹاک مارکیٹ