فاٹا کے انضمام کے وقت کیے گئے وعدے تاحال پورے نہیں ہوسکے، سراج الحق 

فاٹا کے انضمام کے وقت کیے گئے وعدے تاحال پورے نہیں ہوسکے، سراج الحق 

  

لاہور(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے پی میں غربت اور پسماندگی ختم کر نے میں مکمل ناکام ہوگئی۔ صرف دعوؤں اور وعدوں پر ڈنگ ٹپاؤ پالیسی جاری ہے۔ صوبہ میں تعلیم و صحت کے شعبوں اور انفراسٹرکچر کا براحال ہے۔ فاٹا کے انضمام کے وقت کیے گئے وعدے تاحال پورے نہیں ہوسکے۔ حکومت نے اب تک کاغذوں پر فاٹا کی ترقی کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا، عملی اقدامات زیرو ہیں۔ حکومت بارشوں کے نتیجہ میں ہونے والے عوام کے مالی نقصانات کا ازالہ کرے۔ وزیراعظم غریبوں کو چھت فراہم کرنے کا وعدہ پورا کریں۔ اسلامیان پاکستان کو متحد ہو کر ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرناہوگا۔ جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس شخص کے لیے کھلے ہیں جو پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی خواہش رکھتاہے۔ جماعت سے وابستہ افراد قرآن وسنت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں کارکنان جماعت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی، نون لیگ اور پی پی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، تینوں جماعتیں آئی ایم ایف کی غلامی، سودی معیشت کو جاری رکھنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مفادات کی سیاست نے ملک کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ جمہوریت کے نام پر قوم کو عرصہ دراز سے دھوکہ دیا جاتا رہا ہے۔ مارشل لاز نے رہی سہی کسر نکال دی۔ پاکستان کی ترقی کے لیے یہاں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرنا ہوگا۔ جمہوریت کو اسلامی اصولوں کے تابع کرنے سے ہی عوام کی بہتری ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دو فیصد سے کم طاقتور افراد نے قبضہ کر رکھاہے۔ چہرے بدل بدل کر وہی لوگ اقتدار کے ایوانوں میں آجاتے ہیں۔ انتخابات میں جس کے پاس جتنا پیسہ ہو، اس کی کامیابی کے اتنے ہی زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے فرسودہ نظام سے جان چھڑانے کی ضرورت ہے او ریہ کام صرف اور صرف عوا م کی طاقت سے ہوسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پرامن جمہوری انقلاب وقت کی ضرورت ہے۔ سراج الحق نے کہاکہ بارشوں سے گلگت بلتستان اور کے پی میں خدانخواستہ مزید نقصان ہوسکتے ہیں۔ حکومت حالات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں قدرتی آفات اور دیگر ایمر جنسی صورتحال سے نمٹنے والے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اپنی  استعداد کے مطابق عوامی خدمت کے ہر شعبہ میں بھر پور کام کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی آئندہ بھی یہ کام بھر پور طریقے سے جاری رکھے گی۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -