اپوزیشن کو پتہ چل چکا  الیکشن 2023میں ہی ہونگے، چوہدری سرور

اپوزیشن کو پتہ چل چکا  الیکشن 2023میں ہی ہونگے، چوہدری سرور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور (آن لائن) گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ عوام اپوزیشن کے بیانیہ نہیں حکومتی بیانیہ کے ساتھ متحد کھڑی ہے۔پہلی بار اقتدار نہیں بلکہ ملک وقوم کو مضبوط اور مستحکم بنانے پر کام ہورہا ہے۔انشا اللہ وزیر اعظم عمران خان مدینہ کی ریاست کے مشن میں کامیاب ہونگے۔سیالکوٹ کے ضمنی انتخابات میں کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے۔کورونا کے باوجود پاکستان معاشی خوشحالی کی جانب گامزن ہوچکا ہے۔وہ گور نر ہاؤس لاہور میں تحر یک انصاف کے وفود سے گفتگو کررہے تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان میں صرف شفافیت اور دیانتداری کی ہی سیاست چلے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ کورونا کے باوجود پاکستان معاشی خوشحالی کی جانب گامزن ہوچکا ہے اورآئی ایم ایف نے بھی پاکستان میں مضبوط معاشی سرگرمیوں کا اعتراف کرلیاہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت اپنی کامیاب معاشی پالیسیوں کے ذریعے ملک کومعاشی میدان میں آگے لیکر بڑھ رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کو بھی سو فیصد یقینی بنایا جائے گا۔ چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اپوزیشن کے بیانیہ کو کشمیر کے بعد اب سیالکوٹ کے ضمنی انتخا ب میں بھی شکست اس با ت کا ثبوت ہے کہ عوام اب اپوزیشن نہیں حکومت کی پالیسیوں کیساتھ کھڑے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر تحر یک انصاف کے ورکرز اور عوام مبارکباد کے مستحق ہیں،کوئی شک نہیں کہ عوام کو یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ہی وہ لیڈر ہیں جو پاکستان کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے مکمل ایمانداری کیساتھ کام کر رہے ہیں اور انشا اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کو تمام مسائل سے مکمل نجات ملے گی۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ تحر یک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے اور وزیر اعظم عمران خان جھکنے والا نہیں بلکہ ہمیشہ ڈٹ جانیوالا لیڈر ہے ۔
چوہدری سرور

مزید :

صفحہ آخر -