وزیراعظم کی گڈگورننس پر آزاد کشمیر اور سیالکوٹ نے مہر تصدیق ثبت کردی، محمود الرشید
گوجرانوالہ(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے احتساب اور گڈ گورننس کے نعرے پر آزاد کشمیر اور پی پی 38 سیالکوٹ کے ووٹر ز نے مہر تصدیق ثبت کر دی ہے اور انہوں نے واضح بتا دیاہے کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ ہیں - انہوں نے کہاکہ نون لیگ کا یہ جو طلسم تھا کہ سنٹرل پنجاب ان کا قلعہ ہے وہ طلسم ٹوٹ چکا ہے ریاست مخالف بیانیہ اورالزامات پر ووٹرز بھی سو چنے پر مجبور ہے اور ان کا بیانیہ رد ہو چکاہے - انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب نے گوجرانوالہ کیلئے ریکارڈ ترقیاتی پیکیج دیا ہے اور گوجرانوالہ کی تاریخ میں بڑے ترقیاتی کام شروع ہونے جا رہے ہیں - انہوں نے ان خیالات کا اظہار سرکٹ ہاؤس گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا-اس موقع پر میاں طارق محمود جمال ناصر چیمہ صدر پی ٹی آئی ساجدخاں ساجد جمال نعمان اللہ صفدر وڑائچ علی شبیرمہر نائب صدر پی ایچ اے اور دیگر سیاسی شخصیات اور پی ٹی آئی کے مقامی عہدہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے- صوبائی وزیر بلدیات نے کہاکہ انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالہ سے عمران خان کو ملنے والے نوٹس کا جواب دیا جائے گا اور پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے انٹرا پارٹی الیکشن کروائے- انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر اور سیالکو ٹ کی طرح آئندہ کنٹونمنٹ انتخابات بھی واضح اکثریت سے جیتیں گے - انہو ں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کا معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اور سپریم کورٹ نے بلدیاتی نمائندوں کو بحال کیا ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ 2013 کا بلدیاتی ایکٹ ختم ہو چکا ہے - صو بائی وزیر نے کہاکہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کروانا چاہتے ہیں لیکن قانونی پچیدگیاں ہیں - انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے سندھ کے معاملات بارے مشاورت کر لی ہے اور ارباب غلام رحیم کو وزیر اعظم عمران خاں کا معاون خصوصی بنانے سے سندھ کے سیاسی معاملات میں بہتری آئے گی-صو بائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر بلدیات کا قلمدان سنبھالنے کے بعد گوجرانوالہ کا دورہ کیا ہے تاکہ یہاں کے مسائل کے حوالہ سے براہ راست آگاہی حاصل کرسکوں - انہوں نے کہاکہ شہر میں صفائی سیوریج اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالہ سے مزید بہتری کی ہدایات جاری کرتے ہو ئے اس سلسلہ میں اداروں کو درپیش افراد ی قوت اور فنڈز کی کمی کے حوالہ سے سمری وزیر اعلی کو بھجوائی جائے گی۔کمشنر نے اس توقع کااظہار کیاکہ ڈویژن بھرمیں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں سے بہت سارے دیرینہ مسائل کا پائیدار حل ممکن ہو جائے گا اوراس سلسلہ میں تمام متعلقہ ادارے مسلسل کام کررہے ہیں -اجلاس کے دوران سی او میٹرو پولیٹن کارپوریشن ڈی جی پی ایچ اے واسا اور جی ڈبلیو ایم سی کے افسران نے صو بائی وزیر کو اپنے اداروں کی کارکردگی عوام کو ریلیف کی فراہمی کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات اور درپیش مسائل کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی -صوبائی وزیرنے اجلاس کے شرکا کو یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کے حل کے سلسلہ میں حکومت پنجاب ہرممکن کوشش کر ے گی۔
محمود الرشید