پنجاب کے 11اضلاع میں 6اگست سے انسداد پولیو سپیشل مہم کا آغاز: 95لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف 

پنجاب کے 11اضلاع میں 6اگست سے انسداد پولیو سپیشل مہم کا آغاز: 95لاکھ بچوں کو ...

  

لاہور (جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو مہم کا اجلاس منعقد کیا گیا دورانِ اجلاس صوبہ بھر میں پولیوکے خاتمہ کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ارم بخاری، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرسارہ اسلم،ایڈیشنل سیکرٹری سندس ارشاداوریونیسیف کے نمائندگان نے شرکت کی۔ سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سارہ اسلم اور ایڈیشنل سیکرٹری سندس ارشاد نے وزیر صحت کو پولیوکے خاتمہ کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ پنجاب کے گیارہ  اضلاع لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، راجن پور، رحیم یار خان اور اوکاڑہ میں 6 اگست سے انسداد پولیو کی سپیشل مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔اس مہم کے تحت صوبے کے مختص کردہ  اضلاع میں 9.5 ملین(95لاکھ) بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مکمل کیا جائے گا۔  6 اگست سے شروع ہونیوالی انسداد پولیو مہم میں 27ہزار سے زائد پولیو ٹیموں کا 67 ہزار سے زائدعملہ فرائض سرانجام دے گا۔ اس سلسلے میں انسداد پولیومہم کو کامیاب بنانے کیلئے پولیوورکرزکی تربیت بھی مکمل کی جاچکی ہے۔ پولیو ایک مہلک بیماری ہے۔ لہذا اپنے بچوں کو پانچ سال تک پولیو کے قطرے بار بار پلائیں اس مرض سے بچوں کو بچانے اور مہم کو کامیابی سے چلانے  کیلئے  کل 1350 یونین کونسلز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ انسداد پولیو مہم کو موزوں اورعوام تک آسان رسائی یقینی بنانے کیلئے پنجاب میں پولیوکے خاتمہ کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ مزید برآ ں مہم میں کل 28،569 موبائل، 2116 فکسڈ اور1222 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گیئں۔ جن کا مقصد گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانا ہے۔ یہ انسداد پولیو مہم زیادہ آبادی کے تناسب والے اضلاع میں چلائی جائے گی اور 100 فیصد ہدف کوحاصل کیا جائیگا۔ خصوصی طور پر پنجاب کو پولیو فری بنانے کا عزم کو پاۂ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام اضلاع میں کمشنرزاور ڈپٹی کمشنرزانسداد پولیو مہم کی خود مانیٹرنگ کریں گے۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سارہ اسلم کا کہنا تھا کہ ہر ماہ انسداد پولیو مہم چلانے کا مقصد اس بیماری کو سر نہ اٹھانے دینا ہے۔ پنجاب کی انتظامیہ صوبہ کو پولیو فری بنانے کیلئے متحد اور کوشاں ہے لہذا  والدین سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پیدائش سے پانچ سال تک کیبچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔

 انسداد پولیو مہم 

مزید :

صفحہ آخر -