جنوبی پنجاب کیلئے بجٹ میں 35فیصد حصہ مختص: شعیب اقبال
بہاولپور(بیورو رپورٹ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب شعیب اقبال سید کی زیر صدارت محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات جنوبی پنجاب میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پرگرام برائے سال2021-22ء کے حوالہ سے ترقیاتی سکیموں کی منظوری کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے رواں مالی (بقیہ نمبر1صفحہ6پر)
سال کے لئے 560 ارب روپے کا سالانہ بجٹ پیش کیا ہے جسمیں جنوبی پنجاب کے لئے تاریخ میں پہلی مرتبہ35فیصد حصہ رکھا گیا ہے جو ایک سو نواسی ارب روپے بنتا ہے۔نیز جنوبی پنجاب کے لیے ترقیاتی بجٹ کی الگ کتاب بھی چھاپی گئی ہے تا کہ جنوبی پنجاب کے لیے مختص فنڈز صرف اسی خطے کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہو سکیں۔اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس کو ترقیاتی سکیموں کی منظوری اور پیش رفت بارے آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بجٹ برائے مالی سال2021-22ء میں جنوبی پنجاب کے لئے مختص کردہ 1700 سے زائدترقیاتی سکیموں میں سے 70فیصد سے زائد سکیمیں منظور کی جا چکی ہیں۔سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ تا حال غیر منظور شدہ ترقیاتی سکیموں کی منظوری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو بروقت دور کیا جائے اور اس سلسلہ میں حکومتی ہدایات اور ٹائم لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر جلد از جلد کام شروع ہو سکے اور جنوبی پنجاب کے عوام ان ترقیاتی فلاحی منصوبوں سے مستفید ہوسکیں۔
شعیب اقبال