حکومت مہنگائی کے آگے بند باندھنے کیلئے اقدامات کرے،ملک نعیم
لاہور(سٹی رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران لاہور کے سینئر وائس چیئرمین ملک محمد نعیم نے کہا ہے کہ ملک میں جاری مہنگائی کی بے رحم لہر کے آگے بند باندھنے کیلئے حکومت کو سخت ترین اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ مافیاز کو نکیل ڈالے بغیر مہنگائی کا توڑ اور موثر علاج ناممکن ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی غربت اور معاشی بدحالی کی بنیادی وجہ بے روزگاری اور کاروباری حالات کے نامساعد حالات ہیں۔ حکومت بنیادی ضروریات زندگی میں عوام کو ریلیف دے اور اشیائے خوردونوش اور خام مال کی قیمتوں کو نیچے لے آئے۔
تو معاشی بحران حل ہوسکتے ہیں۔
ہیوی ٹیکس اور دیوہیکل ڈیوٹیز سے کاروباری حالات شدید دشوار اور کٹھن ہوتے جارہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے لے کر ادویات کی قیمتوں میں آنے والے طوفان نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ کاروباری حالات کو بہتری کی طرف لائے بغیر معاشی بحرانوں کا حل ناممکن ہے۔ تجارتی امور اور کاروباری مراکز میں خوشحالی آنے سے ہی عوام کے طرز زندگی میں بتدریج بہتری آسکتی ہے۔ حکومت بازاروں مارکیٹوں اور معاشی و اقتصادی شعبہ ہائے زندگی سے جڑے طبقے کیلئے ریلیف اور سبسڈیز کی آسان پالیسیز متعارف کرواکے ملک میں معاشی خوشحالی کی بنیاد رکھے۔