ملتان میں چند منٹ موسلادھار بارش، میپکو فیڈر ٹرپ کرگئے

ملتان میں چند منٹ موسلادھار بارش، میپکو فیڈر ٹرپ کرگئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان (سپیشل رپورٹر)ساون کے رنگ نرالے،ادھے شہر میں بادل برس پڑے،ادھا شہر پیاسارہا،شہر کے ایک حصے میں بارش اور دوسرے حصہ میں بادلوں کی آنکھ مچولی کے باعث حبس بڑھ گیا،بارش والے علاقوں میں بجلی گھنٹوں غائب میپکو کی جانب سے مون سون کے حوالے سے کئے جانے والے "انتظامات "کا پول کھل گیا۔تفصیل کے مطابق ملتان سمیت مضافاتی علاقوں میں بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے اس ضمن میں گزشتہ روز شہر کے آدھے حصہ (بقیہ نمبر30صفحہ6پر)
میں چند منٹ کیلئے موسلا دھا بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے تاہم بارش ہوتے ہی میپکو کا ترسیلی نظام معمولی بارش بھی برداشت نہ کرسکا اور جواب دے گیا شہر کے متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی گھنٹوں غائب رہی جس کے باعث شہری خوار ہوتے رہے تاہم دوسری جانب شہر کے بیشتر حصوں میں بارش نہ ہوسکی جس کے باعث ان علاقوں میں حبس بڑھ گیا اور شہری پسینے میں شرابور نظر آئے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملتان سمیت مضافاتی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے واسا حکام کو مون سون میں الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بارش کے پیش نظر تمام مشینری فیلڈ میں بھیجی جائے۔تیز بارش کے دوران واسا نکاسی آب کو ہر صورت یقینی بنائے۔تمام اہم شاہراہوں،نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کلئیر کروایا جائے۔ واسا اپنی مشینری فنکشنل کرے اور ڈسپوزل پر جنریٹر کا انتظام کرے۔کمشنر جاوید اختر محمود نے ضلعی افسران کو نکاسی آب کے عمل کی مانیٹرننگ کا ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ از خود بھی شہر کا دورہ کر کے حالات مانیٹر کروں گا۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارشوں کے موسم میں تمام حفاظتی تدابیر اپنائیں اور گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی کی افزائش نہ ہوسکے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے مون سون بارشوں کے خدشہ کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے اور واسا، کارپوریشن، میونسپل کمیٹیز اور ریسکیو 1122 کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ نکاسی آب کی تمام مشینری کو فعال رکھا جائے،نشیبی علاقوں پر خصوصی فوکس کیا جائے اور شدید بارش کی صورت میں نشیبی علاقوں میں پانی نکالے کے لئے بروقت آپریشن شروع کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے واسا کو تمام جنریٹرز اسٹینڈ بائی رکھنے کا حکم دیا ہے تاکہ بجلی جانے کی صورت میں ڈسپوزل اسٹیشنز سے پانی کی نکاسی متاثر نہ ہو۔انہوں نے کہا ہے کہ بارشوں کی صورت میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے ایریاز میں آپریشن کی نگرانی کریں گے۔محکمہ انہار کو بھی دریائے چناب میں پانی کی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مون سون