شاہ محمود قریشی کی بحرین کے وزیراعظم، ولی عہد سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت

    شاہ محمود قریشی کی بحرین کے وزیراعظم، ولی عہد سے ملاقات، دورہ پاکستان کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


منامہ (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، وزیراعظم عمران خان کے وڑن کی روشنی میں اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ بحرین کیساتھ اقتصادی وتجارتی روابط بڑھانے کے متمنی ہیں۔یہ بات انہوں نے منامہ میں بحرین کے ولی عہد، نائب سپریم کمانڈر اور وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کے موقع پر کہی۔دفتر خارجہ کے مطابق بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ کو بحرین کے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 2019ء میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ بحرین سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت ملی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سلطنتِ بحرین کے ساتھ اقتصادی و تجارتی روابط بڑھانے کے متمنی ہیں۔ملاقات کے دوران بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود سے متعلقہ امور پر بھی زیرِ بحث آئے۔ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد بن عیسی الخلیفہ نے بحرین کی تعمیر و ترقی میں، یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔انہوں نے بحرین کی دفاعی و سیکورٹی استعداد کی ترقی میں پاکستان کی معاونت کو سراہا۔وزیر خارجہ نے بحرین کے وزیر اعظم، ولی عہد، شہزادہ سلمان بن حمد بن عیسی الخلیفہ کو وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دورہ ء پاکستان کی دعوت دی۔وزیراعظم بحرین نے وزیراعظم عمران خان کی دعوت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی قیادت اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جبکہ بحرین کے وزیر اعظم، ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شاہ محمود قریشی نے منامہ بحرین میں واقع پاکستانی سفارتخانے کا  دورہ کیا جس میں وزیر خارجہ نے  قونصلر سیکشن میں سفارت خانے آنے والے پاکستانی شہریوں سے ایمبیسی میں تعینات سٹاف کے رویے اور فراہم کردہ سہولیات پر سوالات پوچھے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت کی کمائی ترسیلات زر کی صورت میں پاکستان بھجواتے ہیں اور معیشت کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔سفارت خانے آئے ہوئے پاکستانیوں نے سفارت خانے کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے اچھی کارکردگی پر سفارت خانے میں تعینات افسران اور عملے کو شاباش دی۔پاکستانی شہریوں نے موجودہ حکومت کے روشن ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔وزیر خارجہ نے بحرین میں پاکستانی سفارتخانے میں تعینات افسران اور عملے کے ساتھ ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بحرین میں ایک لاکھ تیس ہزار سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو ہمارے دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی میں پل کا کردار کرتے ہیں، وزیر خارجہ نے سفارتی عملے کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے ہر ممکن کوششیں بروئے کار لانے کی ہدایات کی۔
شاہ محمود

مزید :

صفحہ اول -