صوبائی دارالحکومت کے پارک، تفریحی مقامات کورونا کیسزمیں اضافے کا سبب بننے لگے 

  صوبائی دارالحکومت کے پارک، تفریحی مقامات کورونا کیسزمیں اضافے کا سبب ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(افضل افتخار)صوبائی دارلحکومت لاہور میں بڑھتے کورونا کیسز کے باوجود عوام ایس و پیز پر عملدرآمد نہیں کررہے جس سے مستقبل میں وباء کے مزید پھیلاؤ کا خدشہ ہے لاہور کے پارکوں میں عوام کی بڑی تعداد سیر و تفریح کیلئے آتی ہے مگر ان میں بہت کم لوگ ایسے ہیں جو ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے نظر آتے ہیں،لوگوں کی بڑی تعداد نے ماسک پہنا ہوتا ہے نہ ہی وہ سماجی فاصلہ کا خیال رکھتے نظر آتے ہیں،اور سینٹائزر کا استعمال بھی نہ ہونے کے برابرہے۔ باغ جناح، ریس کورس، گلشن اقبال، منٹو اقبال پارک، ماڈل ٹاؤن پارک، شالیمار باغ سمیت دیگر تفریح مقامات پر ایس او پیز کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں،جبکہ اس حوالے سے حکومت کے سخت احکامات ہیں کہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے جسے ہوا میں اڑا دیا گیا ہے، ان تفریحی مقامات کی انتظامیہ بھی عوام کو ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے پر اپنی ڈیوٹی پوری کرنے میں ناکام ہے، لوگوں کو بغیر سینی ٹائز اور ماسک داخل ہونے کی اجازت ہے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عوام نے کہا ایک طرف تو حکومت ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسزکے بارے میں آگاہ کررہی ہے دوسری جانب ایسے افراد جو ایس او پیز پر عمل نہیں کررہے ان کیخلاف کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی جس سے کورونا وائرس میں اضافہ کا خدشہ ہے حکومت کی جانب سے صرف ایس او پیز پر عمل درآمدکا اعلان ہی کافی نہیں بلکہ اس پر عمل کروانا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے،زبیر، حامد، نبیل، خواجہ رشید، حامد علی، عادل پرویز، عمران احمد، زنبیر خان، عامر علی، حسنین بٹ، بابر علی، علی پرویز، محمد علی،عاکف، عاصم اور آصف نے کہا ہم یہاں باقاعدگی سے سیر کرنے آتے ہیں اور کوشش ہوتی ہے ہم ایس او پیز پر عمل کریں مگر یہاں پرلوگوں کی بڑی تعداد ایس او پیز پر بالکل عمل کررہی ہے اور نہ ہی انتظامیہ ایسے افراد کیخلاف کوئی کارروائی۔حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس حوالے سے سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ وباء کو روکنے میں مدد مل سکے۔
پارک کورونا سبب

مزید :

صفحہ اول -