سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں کامیابی سچ اور حق کی فتح ہے: عثمان بزدار

  سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں کامیابی سچ اور حق کی فتح ہے: عثمان بزدار

  

لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایات سیل سرگودھا ڈویژن حسن انعام پراچہ نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال او ر ترقیاتی منصوبوں پربات چیت ہوئی۔ حسن انعام پراچہ نے پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار احسن سلیم بریار کی کامیابی پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی اور ہر ضلع خصوصاً سرگودھا کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں، یکساں ترقی کے ویژن کو سراہاجبکہ تحصیل بھلوال کو ضلع کا درجہ دینے کی خصوصی درخوا ست کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحصیل بھلوال کو ضلع کا درجہ دینے کاجائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی اور کہا انتظامی بنیادوں پر نئے اضلاع اورتحصیلیں بنانے پر کام شروع کر دیا ہے۔ہم باتیں نہیں بلکہ کام کرتے ہیں۔سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں کامیابی سچ اور حق کی فتح ہے۔ آزاد کشمیر الیکشن میں شاندار جیت کے بعد پی پی 38 سیالکوٹ میں کامیابی حکومتی پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ریاست مخالف بیانیہ سے عوام متنفر ہو چکے ہیں۔ پی پی 38سیالکوٹ کے نتائج نے ثابت کردیا پاکستانی سیاست میں اب چوروں اور لٹیروں کی کوئی گنجائش نہیں۔ پے درپے شکست کے بعد انہیں منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے۔ مخالف جماعت کی سیٹ بھی گئی اور اس عبرتناک شکست سے مخالف ٹولے کی سٹی بھی گم ہو گئی۔یہ عناصر ہمیشہ کیلئے سیاست سے آوٹ ہو چکے ہیں۔ہماری خدمت کی سیاست کے سامنے ان کی افراتفری کی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے۔ ہماری حکومت نے ہر ضلع کے لئے علیٰحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج بنایاہے۔ سالم تا سرگودھا روڈ،بھیرہ تا ملکوال روڈ،میانی تا پکھووال روڈ،علی پور تا تھٹھی ولانہ روڈکے منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔سرگودھا ڈویژن میں سکولوں کی اپ گریڈیشن بھی ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ملتان سے لاہورواپسی پر کبیر والا شہر کارخ کرتے ہوئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا،وزیراعلیٰ کے دورے سے مقامی انتظامیہ بے خبررہی، عثمان بزدارنے کبیر والاشہر میں صفائی کی صورتحال اورسڑکوں کا جائزہ لیااور شہری سہولتوں کا مشاہدہ کیا جبکہ اس موقع پر انہوں نے شہر میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اندرون شہر سڑکوں کی تعمیر ومرمت جلد مکمل کرنے کاحکم بھی دیا۔اس موقع پر انکا کہنا تھا ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اورمعیار پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب پولیس کے تھانوں میں فرنٹ ڈیسک پر کام کرنیوالے ملازمین کیلئے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے فرنٹ ڈیسک کے 2963 ملازمین کو ریگولر کر دیا،ریگو لر کئے جانیوالے ملازمین میں  2506 پولیس سٹیشن اسسٹنٹ، 382 سینئر سٹیشن اسسٹنٹ،37 ہارڈویئراسسٹنٹ، 37 ڈیٹاپروسیسنگ آفیسر اور ایک ڈیٹابیس ایڈمنسٹریٹرشامل ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا فرنٹ ڈیسک ملازمین کو ریگولر کر کے ان کا حق دیا ہے، امید ہے وہ مزید جانفشانی اور جذبے سے مظلوم کی دادرسی جاری رکھیں گے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -