کراچی سے پانی چوروں کا مکمل قلع قمع کردیا جائے گا، نجم احمد شاہ

کراچی سے پانی چوروں کا مکمل قلع قمع کردیا جائے گا، نجم احمد شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری بلدیات سندھ سید نجم احمد شاہ نیکہا ہے کہ شہر کے عوام کے لئے پانی کی بلا تعطل فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، صوبے کے تمام اضلاع میں پینے اور دیگر ضروریات زندگی کے لئے مستقل فراہمی آب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیر بلدیات سندھ کی ہدایت پر پانی چوروں کا قلع قمع کردیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انجینئر سید نجم احمد شاہ نے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔سیکرٹری بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ وزیر بلدیات سندھ نے پانی چوروں کے خلاف سخت ترین کاروائی کی ہدایات جاری کی ہیں جن پر من و عن عمل در آمد یقینی بنایا جائے گا۔ نجم احمد شاہ کے مطابق حکومت سندھ عوام کو مستقل فراہمی آب کے منصوبے سے فیض یاب کرنا چاہتی ہے اور اس مشن کی تکمیل میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے واضع کیا کہ تمام رہائشی و کمرشل علاقوں میں یکساں طور پر فراہمی آب کے لئے واٹر اینڈ سیورج بورڈ خدمات سر انجام دے رہا ہے جس کی تمام کارکردگی کو باقاعدہ طور سے مانیٹر کیا جارہا ہے۔ نجم احمد شاہ نے بتایا کہ شہر کو فراہمی آب کے حوالے سے واٹر ڈی سیلی نیشن پلانٹ کے منصوبے پر کام جاری ہے جس کے لئے عالمی ماہرین کی خدمات سے بھی استفادہ حاصل کیا جارہا ہے۔سیکرٹری بلدیات سندھ کے مطابق کراچی شہر کی مستقبل قریب میں پیدا ہونے والی پانی کی ضروریات کے پیش نظر 65 MGD پر مشتمل فراہمی آب کا پراجیکٹ بھی تکمیل کے مراحل میں ہے، اور ساتھ ہی عالمی بینک کے تعاون سے KWSSIP کے پلیٹ فارم سے ایک اور فراہمی آب کا خطیر منصوبہ تکمیلی مراحل میں ہے۔ نجم احمد شاہ نے پرعزم انداز میں کہا کہ شہر کے باسیوں کے لئے حکومت سندھ کے ترقی پسند وژن کے ثمرات جلد نظر آنا شروع ہوجائیں گے۔