وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی عوام سے لاک ڈاﺅن کو کامیاب بنانے کیلئے مدد کی اپیل

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آج ہونے والی سندھ کورونا فورس میٹنگ میں بہت مشکل فیصلے لیے گئے ہیں جن کا مقصد عوام کو کورنا وائر س کی چوتھی لہر سے محفوظ رکھنا ہے،سندھ میں مکمل نہیں بلکہ جزوی لاک ڈاﺅن لگایا گیا ہے ،عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ا س لاک ڈاون کو کامیاب بنانے میں مدد کریں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں آٹھ اگست تک جزوی لاک ڈاون ہوگا،نواگست کو لاک ڈاون کھولنے کی طرف جائیں گے،میں جانتا ہوں کہ نودن بعد بھی وبا میں کمی نہیں ہوگی لیکن ہم نے اس میں وقفہ لانا ہے،ٹاسک فورس کی میٹنگ کے بعدوفاقی وزیر اسدعمراورڈاکٹرفیصل سلطان کوآگاہ کیا ہے اور انہوں نے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے ہماری مدد کرنے کا کہا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ڈیلٹا وائرس کا 26فروری کوپہلا کیس سامنے آیا تھا،پہلا کیس رپورٹ ہونے سے اب تک ٹاسک فورس کام کررہی ہے، اب شہر میں کورونا کیسز کی مثبت شرح25فیصد سے زائد ہوگئی ہے، ڈیلٹاویرینٹ سے سب سے زیادہ متاثرکراچی ہے،احتیاط نہ کی گئی تووائرس بڑھے گا۔چارسے پانچ روز میں ہسپتالوں پر کورونا مریضوں کا دباومزید بڑھ جائیگا،کراچی کے لوگوں سے کہوں گا جزوی لاک ڈاون کو کامیاب بنانے میں ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ اگلے نودن تک تقریباً سرکاری ادارے بھی بند کردیئے ہیں،بڑی ٹرانسپورٹ بند کررہے ہیں لیکن چھوٹی ٹرانسپورٹ ویکسی نیشن کے لیے کھلی ہوگی،امتحانات بھی ایک ہفتے کے لیے ملتوی کیے جارہے ہیں،کابینہ میٹنگ بھی ملتوی کررہا ہوں،پوری کابینہ اگلے نودن کوئی اور کام نہیں کرے گی صرف لاک ڈاون کو مانیٹر کرے گی۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ میں نے آج تک جو بھی فیصلے کئے ڈاکٹرز سے مشاورت سے کئے۔