حکومتی مراعات اور امدادی رقم کیلئے اپنے بیٹے کو انتہائی بیمار ظاہر کرنیوالی خاتون پکڑی گئی
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں ایک خاتون نے حکومتی مراعات اور لوگوں سے امدادی رقم ہتھیانے کے لیے اپنے لے پالک بیٹے کو انتہائی بیمارظاہر کر دیا۔ دی مرر کے مطابق کرسٹی شنیڈر نامی اس خاتون کا تعلق امریکی ریاست آرکینسس کے شہر لٹل راک سے ہے۔ اس نے 7سالہ بچے کو وہیل چیئر پر بٹھایا اور اسے ’فیڈنگ ٹیوب‘ (خوراک کی نالی، جو ایسے مریضوں کو لگائی جاتی ہے جو خود سے خوراک نہ کھا سکیں)لگا دی اور ڈاکٹروں کے پاس لے گئی۔
اس نے فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اپنے بیٹے کی بیماری اور اس کے قریب المرگ ہونے کی فرضی داستان سنائی اور لوگوں کی ہمدردیاں ایٹھیں اور ’گوفنڈ می‘ نامی پلیٹ فارم کے ذریعے چندہ بھی اکٹھا کیا۔ اس نے حکومت سے بھی کچھ مراعات حاصل کیں تاہم ڈاکٹروں نے جب بچے کے ابتدائی چیک اپ کیے تو انہیں معاملہ مشکوک لگا ۔ ایک ماہ کے چیک اپس اور علاج کے بعد بچے کو صحت یاب قرار دے کر روانہ کر دیا گیا اور بچہ اپنے پیروں پر چل کر گھر چلا گیا۔ ڈاکٹروں نے یہ معاملہ متعلقہ اداروں کو رپورٹ کیا، جس پر کرسٹی کو گرفتار کر لیا گیا۔
عدالت نے کرسٹی سے بچی کی حوالگی واپس لے لی ہے اور اس کے خلاف مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔