راولپنڈی کے سات علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کافیصلہ ، کون کون سے ایریاز شامل ہیں ؟جانئے
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں بتدریج تیزی اور مثبت کیسوں کی شرح12فیصد تک پہنچنے پر راولپنڈی کےسات علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کافیصلہ کیا ہے ،لاک ڈاؤن ہفتے کے روز سے نافذالعمل ہو کر6اگست تک جاری رہے گا، اس ضمن میں پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے گزشتہ2ہفتے سے پنجاب میں کورونا کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو صحت عامہ کے لئے انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے ،جس کے لئے فوری حفاظتی اقدامات کی سخت ضرورت ہے ۔
اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی منظوری کے بعد ضلع راولپنڈی میں 6 اگست تک کنٹرولڈ آمد ورفت کا فیصلہ کیا گیا ہے ،جس کے تحت عمر بلاک فیز8،گلی نمبر16ڈھوک کھبہ نزد کمیٹی چوک ،گلی نمبر19آریہ محلہ ،گلی نمبر16نیو گلزار قائد،گلی نمبرایک بنکر کالونی نزد عسکری 14،گلی نمبر5کے آر ایل اورگلی نمبر3نیو لالہ زار 2واہ کینٹ کے علاقوں میں بڑے شاپنگ مالز،مارکیٹیں،تجارتی مراکز،سرکاری و نجی دفاتر اور ریستوران بند رہیں گے۔
سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران تمام مذہبی،ثقافتی اور نجی اجتماعات پر پابندی ہو گی،ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھی جائےگی البتہ نجی گاڑیوں پر محدود آمدورفت کی اجازت ہو گی جبکہ ڈیپارٹمنٹل سٹور ادویات اور گروسری کے علاوہ تمام سیکشن بند رکھیں گے ،جہاں گاہکوں کو محدود تعداد میں داخلے کی اجازت ہو گی ،سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا ۔
سمارٹ لاک ڈاؤن کےدوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وضع کردہ ایس او پیز اور پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل سٹور،ویکسینیشن سینٹر،ہسپتال ،کلینک ،پٹرول پمپ ، کریانہ و گروسری سٹور ،گوشت و مرغی کی دکانیں ،دودھ، دہی، پھل ،سبزی کی دکانیں، کوریئر سروس اور یوٹیلیٹی سروس کے ادارے 24گھنٹے کھلے رہ سکتے ہیں۔