کھیلوں کی اکیڈمیز کے بغیر ترقی ناممکن ہے، رانا سجاد احمد
اسلام آباد (این این آئی)قومی اتھلیٹکس ٹیم کے کوچ رانا سجاد احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کی اکیڈمیز کے بغیر ترقی ناممکن ہے اور حکومت اکیڈمیز کے قیام کے لئے ٹھوس اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جناح سٹیڈیم میں جاری بین الاقوامی مقابلوں کے لئے قومی اتھلیٹکس ٹیم کے کھلاڑیوں کے جاری تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رانا سجاد احمد جو کہ منٹکمٹری اتھلیٹکس اکیڈمی ساہیوال کے سربراہ بھی ہیں نے کہا کہ منٹکمٹری اتھلیٹکس اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے میں بڑا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ اکیڈمی اپنی مدد آپ کے تحت چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اور پرائیویٹ سیکٹر کو کھیلوں میں آگے آکر کھیلوں کی ترقی کے لئے بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ منٹکمٹری اتھلیٹکس اکیڈمی کے کھلاڑیوں میں شامل شجر عباس نے ایران میں روواں سال مئی میں کھیلی گئی امام رضا اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 200 میٹر ریس کے ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیت کر پاکستان کے لئے نیا ریکارڈ قائم کیا اور جون میں قازقستان میں کھیلی گئی الماتے اتھلیٹکس چیمپئن شپ کے سو میٹر ریس کے ایونٹ میں سونے کے تمغے کے ساتھ ایک نیا بنایا اور اسی ایونٹ میں دو سو میٹر ریس میں کانسی کا تمغہ جیت کر ریکارڈ قائم کیا۔محمد اکرام اور زیغم اقبال نے 2016 میں بھارت میں کھیلی گئی ساؤتھ ایشین گیمز میں چاندی اور کانسی کے دو، دو تمغے حاصل کئے تھے۔ اسی اکیڈمی کے فرحان الیاس نے عالمی یونیورسٹی گیمز،محمد ناصر نے ساؤ تھ ایشین گیمز 2018 اور گوہر شہباز نے ایشین گیمز 2018 میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس کے علاوہ اکیڈمی کے دیگر کھلاڑیوں بھی قومی ایونٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس وقت شجر عباس برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ شجر عباس اور احمد سیعد آئندہ ماہ اگست میں ترکی میں کھیلی جانے والی اسلامک سالیڈیٹری گیمز میں بھی حصہ لیں گے۔ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں رانا سجاد احمد نے کہا کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی اور ان کی ٹیم کی ملک میں اتھلیٹکس کے کھیل کے فروغ کے لئے بے پناہ خدمات ہیں اور حکومت اتھلیٹکس کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکرم ساہی کی قیادت میں ہم اتھلیٹکس کی ترقی کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں