گالم گلوچ اور مفادات کی سیاست نے ملک تباہ کردیا: سراج الحق 

گالم گلوچ اور مفادات کی سیاست نے ملک تباہ کردیا: سراج الحق 

  

اسلام آباد(آن لائن)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے گالم گلوچ اور مفادات کی سیاست نے ملک تباہ کر دیا۔ مہنگائی، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ سے عوام پریشان ہیں۔ مافیاز، جاگیرداروں اور وڈیروں نے وسائل سے مالا مال پاکستان کو یرغمال بنا دیا۔ کراچی کیساتھ کسی حکومت نے وعدے پورے نہیں کیے۔ اس ماہ پنجاب کی سیاست میں سیکڑوں کے حساب سے حلف برداریاں ہوئیں۔(ن) لیگ اورپی پی کے بعد تحریک انصاف بھی سٹیٹس کو کی محافظ ثابت ہوئی، تینوں بڑی جماعتیں مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہو گئیں۔ حقیقت یہ ہے یہ تینوں بڑی جماعتیں ایک ہی سسٹم کے پرزے ہیں۔ حکمران سٹیٹس کو بحال رکھنا چاہتے ہیں، عوام کی کوئی بات نہیں کرتا، ملک کے 35سال جرنیلوں اور بقیہ نام نہاد جمہوریتوں کی نذر ہو گئے۔ عوام کیساتھ سات دہائیوں سے کھلواڑ جاری ہے۔ خیبرپختونخوا میں 9برسوں سے حکمران جماعت کوئی تبدیلی نہ لا سکی۔ حکمران جماعتوں نے معاشرے کو بری طرح تقسیم کر دیا۔ سیاستدانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو مزید تباہی آئیگی۔ بلوچستان سیلاب اور بارشوں کی زد میں، لیکن حکمران مسلسل بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ جما عت اسلامی کے کارکن اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کار امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائیں۔ ترقی، امن و خوشحالی کیلئے اسلامی نظام کے نفاذ کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں۔ اللہ کی سرزمین پر اللہ کا نظام ہی بہترین آپشن ہے۔ سودی نظام سے چھٹکارا انسانیت کو استعمار کی غلامی سے نجات دلا سکتا ہے، ملکی معیشت کی بہتری کیلئے بھی یہی راستہ بچا ہے۔ عوام سودی سرمایہ دارانہ نظام سے نجات اور پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں سابق ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ حمزہ محمد صدیقی کی تقریب نکاح اور بعدازاں صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے ایم پی اے سید عبدالرشید اور پندرہ کارکنان کی گر فتا ری کی مذمت کی اوران کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا پولیس کی موجودگی میں پرامن مظاہرین پر تشدد کیا گیا، حکومت کام کرنے کی بجائے پرامن مظاہرین پر دہشت گرد ی کر رہی ہے۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی حکومت میں رتی برابر فرق نہیں، یہ سب ایک ہی حمام میں ننگے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کیخلاف پی ٹی آئی کا واویلا فارن فنڈنگ کیس میں اپنے خلاف کسی بھی فیصلے کے خوف کی وجہ سے ہے۔ موجودہ حکمران ملک کو ایڈہاک ازم پر چلارہے ہیں، حکمرانوں کے چہرے پھیکے اور انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ وہ کیا کریں۔ الیکشن کمیشن،عدلیہ سمیت تمام اداروں کو متنازعہ بنادیا گیا ہے۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -