سی پیک کی ترقی نئے مرحلے میں داخل، ٹھوس سماجی و اقتصادی فوائد یقینی بنا رہے ہیں: بلاول بھٹو

سی پیک کی ترقی نئے مرحلے میں داخل، ٹھوس سماجی و اقتصادی فوائد یقینی بنا رہے ...

  

      اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ بلاول نے کہاکہ سی پیک کی ترقی ایک نئے مرحلے پر پہنچ گئی ہے، لوگوں کیلئے ٹھوس سماجی و اقتصادی فوائد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ افغانستان میں امن و استحکام علاقائی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے مقاصد اور اصولوں اور شنگھائی اسپرٹ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان شنگھائی تعاون تنظیم کو ترقی اور رابطے کے لیے ایک فائدہ مند اور اہم علاقائی پلیٹ فارم کے طور بروئے کار لانے پر اتفاق ہے۔ دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات کے لیے اپنی مضبوط حمایت اور اعلی ترین سیاسی سطح اور عملی تعاون سمیت سٹریٹجک رابطے کو مربوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں وزرا خارجہ نے متواتر اعلی سطحی رابطوں پر اطمینان کا اظہار کیا جو دوطرفہ تعلقات کی علامت ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریاستی کونسلر وانگ یی کے ساتھ ان کی تیسری ملاقات اس بات کی عکاس ہے کہ دونوں فریقین کی جانب سے سٹریٹجک رابطے کو برقرار رکھنے، پاک چین آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید گہرا کرنے اور باہمی فائدے کے لیے اقتصادی روابط کو آگے بڑھانا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ CPEC کی ترقی ایک نئے مرحلے پر پہنچ گئی ہے، جس میں صنعت، زراعت، آئی ٹی اور سائنس و ٹیکنالوجی کی اعلی معیار کی ترقی پر زور دیا جا رہا ہے، جبکہ لوگوں کے لیے ٹھوس سماجی و اقتصادی فوائد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ دونوں فریقوں نے افغانستان کی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ افغانستان میں امن و استحکام علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ مزید براں اس امر پر اتفاق کیا کہ  ایک پرامن، مستحکم اور متصل افغانستان ہی علاقائی تجارت اور روابط بڑھانے کیلئے بنیادی کردار ادا کر سکتا ہے۔

بلاول ملاقات

مزید :

صفحہ اول -