صوبائی حکومتوں، آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان میں سول آرمڈ فورسز تعینات کرنیکا فیصلہ 

  صوبائی حکومتوں، آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان میں سول آرمڈ فورسز تعینات ...

  

       اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ امن وامان قائم رکھنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پرسختی سے عمل درآمد کیا جائے گا، عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور منافرت پر مبنی مواد کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کریں گے، وزارت داخلہ تمام صوبائی،آزاد جموں وکشمیر اورگلگت بلتستان حکومتوں کی تجویز پر سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی یقینی بنائے گی۔تفصیلات کے مطابق عشرہ محرم الحرام کے دوران امن وامان کے حوالے سے وزارت داخلہ میں خصوصی اجلاس ہوا۔اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کی۔ اجلاس میں محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے اور مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے جن میں صوبائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سول آرمڑ فورسز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سکیورٹی صورتحال مانیٹر کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم کرنے مجالس، جلوس کے راستوں کیلئے خصوصی سکیورٹی ٹیمیں تشکیل دینے سمیت سوشل میڈیا پرنفرت انگیز اور مذہبی منافرت پر مبنی مواد کی روک تھام کیلئے سخت مانیٹرنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مجالس کے اوقات کے دوران اور نویں اور دسویں محرم الحرام کے روز لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، سپیشل سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب کمانڈنٹ ایف سی،چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں چاروں صوبوں بشمول آزاد جموں وکشمیر اورگلگت بلتستان کے آئی جی پولیس اورسیکرٹری ہوم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ہدایت کی کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ مجالس، جلوس کے راستوں اور محافل کی سکیورٹی کو فْول پروف بنایا جائے۔

محرم الحرام

مزید :

صفحہ اول -