پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کیے: شہباز شریف

    پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کیے: شہباز شریف

  

        اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)  و زیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ  ہم نے معیشت کی بحالی اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کئے، ہم محنت اور لگن سے ملکی ترقی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں،ہم ترجیحی بنیادوں پر 6 سے 7 ہزار میگاواٹ قابلِ تجدید  توانائی   منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق  وزیرِ اعظم شہباز شریف سے پاک امریکن بزنس فورم کے وفد  نے ملاقات کی ۔وفد میں سیکٹری جنرل پاک امریکن بزنس فورم وقار خان، صدر ریاض حسین اور سینئر نائب صدر انور اعظم شامل تھے۔ملاقات میں وفاقی وزیرِ پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی اور متعلقہ اعلی حکام بھی شریک  ہوئے۔ملاقات میں وفد نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات، ملک میں برآمدی صنعت کو موجودہ حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی سہولیات اور سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل پر خصوصی توجہ کیلئے خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو اپنے مسائل اور تجاویز سے بھی آگاہ کیا. وزیرِ اعظم نے فوری طور پر ان کے مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے یہ یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر   وزیر اعظم نے کہا ہم نے مشکل وقت میں ریاست پہلے، سیاست بعد میں کی پالیسی کے تحت حکومت کی باگ دوڑ سنبھالی،معیشت کی بحالی اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے ہم نے مشکل فیصلے کئے ہیں، پاکستان میں انتشار اور معیشت کی تباہی کے ذمہ داران کے برعکس ہم محنت اور لگن سے ملکی ترقی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا  کہ قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر عملدرآمد سے ہم بجلی کی پیدوار کا انحصار درآمدی تیل پر کم کرکے قابلِ تجدید ذرائع برؤئے کار لائیں گے،ہم ترجیحی بنیادوں پر 6 سے 7 ہزار میگاواٹ قابلِ تجدید بشمول سولر اور ونڈ انرجی کے منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں  ہم نے لگژری اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ غیر ضروری حکومتی اخراجات کو کم کیا۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ عمران نیازی کے خلاف سنگین فرد جرم ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ معتبر عالمی ادارے فنانشل ٹائمز کی تحقیقاتی رپورٹ عمران نیازی کے خلاف سنگین فرد جرم ہے، پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ، غیر قانونی بھاری رقوم کی ترسیل کے حقائق بے نقاب کر دیئے ہیں۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ رپورٹ میں بیان کردہ ٹھوس حقائق چیخ چیخ کر بتا رہے ہیں کہ عمران نیازی جھوٹ، تضادات اور منافقت کا پیکر ہے۔وزیراعظم شہباز شریف سے قومی اسمبلی کے ارکان سے اہم ملاقاتیں ہو ئیں، جن میں  ملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ جمعہ کو  وزیراعظم  سے  ایم این اے رانا محمد قاسم نون، ایم این اے علی گوہر بلوچ، ایم این اے را محمد اجمل خان اور ایم این اے نوید امیر جیوا  نے  الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر وزیراعظم اور اراکین قومی اسمبلی سے ملک کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -