ڈاکٹرمسعود اختر شیخ کو جنرل ہسپتال میں مانیٹرنگ کی ذمہ داری مل گئی

  ڈاکٹرمسعود اختر شیخ کو جنرل ہسپتال میں مانیٹرنگ کی ذمہ داری مل گئی

  

لاہور(جنرل رپورٹر)محکمہ صحت پنجاب میں انتظامی امور میں وسیع تجربے کے حامل ڈاکٹر مسعود اختر شیخ کو لاہور جنرل ہسپتال میں مانیٹرنگ /سرویلنس کی ذمہ داریاں مل گئیں۔ گریڈ19کے حامل یہ آفیسر نہ صرف اچھی شہرت کے حامل ہیں بلکہ انہیں ایڈمنسٹریشن میں خاصی مہارت حاصل ہے اسی لیے انہیں اس سٹیٹ آف دی آرٹ ادارے میں تعینات کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں پرنسپل پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ایل جی ایچ میں دن بدن مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور کام کے دباؤ کے پیش نظر ایسی تعیناتی ضروری تھی۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر مسعود اختر شیخ اپنی ذمہ داریوں سے احسن انداز میں عہدہ برآ ہوں گے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ادارے میں سٹاف کی کارکردگی کو جانچنے، ڈسپلن کو بر قرار رکھنے اور روزمرہ کے معاملات کودرست طریقے سے چلانے کے لئے مناسب مانیٹرنگ کے نظام کا ہونا ضروری ہے تاکہ تمام امور میرٹ کے مطابق نمٹائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں کی کارکردگی کا معیار بہتر بنانے کے علاوہ ہسپتال آنے والے مریضوں کا علاج معالجہ اور شکائیت کا بر وقت ازالہ یقینی بنایا جانا چاہیے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے توقع ظاہر کی کہ ڈاکٹر مسعود اختر شیخ جنہیں اپنی سروس کے دوران مختلف ہسپتالوں میں انتظامی عہدوں پر فرائض سر انجام دینے کا وسیع تجربہ ہے وہ جنرل ہسپتال میں بھی اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے سر انجام دیں گے جس سے اس ادارے کی کارکردگی اور نیک نامی میں اضافہ ہوگا۔پروفیسرالفرید ظفرنے ڈاکٹرمسعود اختر شیخ کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تمام شعبوں کی صورتحال کا جائزہ لے کر میرے سمیت ایم ایس کو تحریر ی طور پر آگاہ کرنے کے پابند ہوں گے تاکہ طے شدہ سسٹم کے مطابق معاملات کو آگے بڑھایا جا سکے۔ ڈاکٹر مسعود اختر شیخ نے بھی پرنسپل اور ایم ایس کے اعتماد پر شکریے کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اپنے سینئرز کی توقعات پر بھرپور طریقے سے پورا اتریں گے۔              

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -