الخدمت اور آف روڈ کلب پاکستان کی بلوچستان میں امدادی سرگرمیاں 

  الخدمت اور آف روڈ کلب پاکستان کی بلوچستان میں امدادی سرگرمیاں 

  

 کراچی (پ ر)حافظ نعیم الرحمن کی خصوصی ہدایات پر بلوچستان میں بارشوں سے پیدا ہونے والی تباہ کن صورتحال کے پیش نظر الخدمت ڈیزاسٹرمینجمنٹ اور آف روڈ کلب پاکستان نے مشترکہ طور پر بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے گڈانی،خدا بخش بلو چ ولیج سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں انجام دیں۔اس موقع پر منیجر الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ سرفرازشیخ ودیگر رضاکار،جبکہ آف روڈ کلب پاکستان کے سربراہ سیف اللہ نیازی اور ان کی ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے۔ الخدمت اور آف روڈ کلب کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو خشک راشن،پکا پکایا کھانا،ٹن فوڈ،پینے کے پانی کی بوتلیں اور دیگر اشیا تقسیم کی گئیں۔ الخدمت کی جانب سے متاثرین سے اظہا ریکجہتی کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی اور بارشوں کے باعث ہو نے والے نقصانات پر بھی اظہار افسوس کیا گیا۔ اس موقع پر سیف اللہ نیازی نے کہا کہ طوفانی بارشیں اللہ تعالی کی جانب سے آزمائش ہیں،اس مشکل وقت میں ہم متاثرین کا ساتھ دینے اور ان کا حوصلہ بڑھانے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت اورآف روڈ کلب،بلوچستان کے متاثرین بارش کی مدد جاری رکھیں گئے۔ دریں اثنا چیف ایگز یکٹو الخدمت نویدعلی بیگ نے کہا ہے کہ پورے بلوچستان میں بارشوں سے بڑے پیمانے پر جانی ومالی نقصانات ہو ئے ہیں۔ متاثرین بارش کی مدد پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت اس ضمن میں اپنے حصہ کام کر رہی ہے، بلوچستان میں لوگوں کو اجناس،خوراک،صحت کی سہولتوں اور مالی امداد کی ضرورت ہے۔ نوید علی بیگ نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ بلوچستان کے متاثرین کی مدد کیلئے الخدمت کا ساتھ دیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -