پرویز الٰہی کو ڈاکو کہنے کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب بنایا گیا،،سید ولی شاہ

پرویز الٰہی کو ڈاکو کہنے کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب بنایا گیا،،سید ولی شاہ

  

پشاور(سٹی رپورٹر) مسلم لیگ(ن)قبائلی اضلاع کے سینئر رہنما سید ولی شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہی کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہنے والے کو پنجاب کا وزیراعلی منتخب کیاگیا اورپھر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمرا ن خان کہہ رہے ہیں کہ کرپٹ سیاستدانوں کے ساتھ قومی ڈائیلاگ نہیں کروں گا،وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کو عمران خان نے پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو قرار دیا تھا لیکن انہیں وزیراعلی پنجاب بنایاگیا جو کہ عمران خان کی دوغلی پالیسی کامنہ بولتا ثبوت ہے اور اس شخص نے جھوٹ میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو جوڈیشری کے ذریعے پنجاب میں اقتدار دلوایاگیا،اگر تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں نہیں رہیں گے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ خلائی مخلو ق نے جس طرح 2017 میں اس وقت کے منتخب وزیراعظم محمد نواز شریف کو اقامے یعنی بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے الزام میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے ذریعے تاحیات نااہل کیا گیا تھا، سابق چیف جسٹس ثقاب نثار کے غلط فیصلے کی وجہ سے ملک سیاسی و معاشی عدم استحکام کا شکار ہوگیا ہے جبکہ اب جوڈیشری کے ذریعے پنجاب میں تحریک انصاف کو حکومت دی گئی۔انہوں نے کہا کہ قوم اور ملک پر رحم کیا جائے،ملک مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا،ماضی کے تلخ تجربات کو دہرانے سے گریز کیا جائے کیونکہ متنازعہ فیصلوں کی وجہ سے قوم کا عدلیہ سے بھی اعتماد اٹھ چکا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -