صوابی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب

  صوابی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب

  

صوابی(بیورورپورٹ)ضلع صوابی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ جمعہ کی علی الصبح مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو ساڑھے پانچ گھنٹے مسلسل جاری رہا اس دوران ضلع کے تمام علاقوں میں ندی نالوں اور خوڑوں میں طغیانی آگئی جب کہ سڑکوں پر کئی فٹ پانی بہہ جانے سے کھنڈہ موڑ سے انبار تک مین روڈ کئی گھنٹے تک بند رہی۔ بارش کا پانی گھروں اور دوکانوں میں داخل ہونے سے مالی نقصانات ہوئے۔ریسکیو1122کے اہلکاروں نے نشینی علاقوں میں پہنچ کر متاثرہ سڑکوں سے گاڑیاں اور گھروں میں موجود سامان نکال کر محفو ظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ بدری نالہ میں تاریخی طغیانی دیکھنے میں آئی ضلع بھر میں نکاسی آب کانظام درہم برہم ہونے کی وجہ سے سیلابی پانی دوکانوں اور گھروں میں داخل ہونے کے علاوہ تمام سڑکوں پر کئی فٹ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے ٹریفک کانظام بھی متاثر رہا۔صوابی سٹی، مانیری بالا پایاں زیدہ سٹی، شیوہ اڈہ، کالو خان، یار حسین، تورڈھیر، چھوٹا لاہور اور دیگر علاقوں میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم رہا۔مجاز حکام کی ناقص کارکر دگی کی وجہ سے ضلعی ہیڈ کوارٹر صوابی میں جہانگیرہ روڈ پر سیلاب کا منظر دیکھنے کو ملاان شہروں میں واقع دونوں طرف نکاسی آب کے لئے نالیاں گندگی سے بھری ہوئی ہے اسی طرح سیلابی پانی کا بہاؤ روکنے کے لئے کسی قسم کے عملی اقدامات نہیں اُٹھائے گئے۔ جس کی وجہ سے پورا ضلع مون سون کے بارشوں کے دوران سیلابی پانی میں ڈوب جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کے املاک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -