کھلی کچہریاں عوامی شکایات حل کئے جائیں: ڈاکٹر شہزا د خان بنگش

کھلی کچہریاں عوامی شکایات حل کئے جائیں: ڈاکٹر شہزا د خان بنگش

  

        پشاور(سٹی رپورٹر) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ضلعی افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر میں جاری سرگرمیوں کی تفصیلی رپورٹ بمعہ تصاویر ارسال کیا کریں اور سرکاری افسران تک رسائی کو آسان بنانے اور ان کے مسائل و شکایات معلوم کرکے ان کا فوری ازالہ کے لئے کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں۔ یہ ہدایات انھوں نے ضلعی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ مغیث ثنا اللہ نے اجلاس کے شرکا کو کھلی کچہریوں سے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ صوبے بھر میں دو ماہ کے دوران ضلعی سطح پر 226 کھلی کچہریاں منعقد کی گئی ہیں جس میں 95 کھلی کچہریاں ڈپٹی کمشنرز کی زیر صدارت منعقد ہوئیں۔ شرکا کو مزید بتایا گیا کہ29 کھلی کچہریاں آن لائن، 7 خواتین، 3 اقلیتی برادری اور 2 کھلی کچہریاں خواجہ سراوں کے مسائل سے متعلق منعقد کی گئیں۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد بنگش نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا کی کوشش ہے کہ عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کریں۔ انہوں نے سختی سے تاکید کی کہ عوام کے مسائل کے حل میں کسی بھی قسم کی سستی اور کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران عوام کی شکایات و مسائل حل کرنے پر توجہ دیں اور ان کی شکایات کا قانون کی روشنی میں اور میرٹ پر فوری ازالہ کریں۔ ڈائریکٹر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ مغیث ثنا   اللہ نے صوبے بھر میں ہونے والی ریگولیٹری انسپکشنز کے حوالے سے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ صوبے بھر میں ماہ مئی میں 76ہزار 692 اور ماہ جون میں 86ہزار 747 یونٹس/کاروباروں کے معائنے کئے گئے اس دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے والے یونٹس پر دو ماہ کے دوران 35.5 ملین روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔اسی طرح ماہ مئی اور جون میں 2ہزار 486 یونٹس/کاروباروں کیخلاف ایف آئی آرز بھیدرج کی گئیں۔ اجلاس کو مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر پی ایم آر یو نے کہا کہ دو ماہ کے دوران 296 افراد کو قانون کی خلاف ورزی پر جیل بھیج دیا گیا۔ جبکہ 5ہزار 482 یونٹس/کاروبار سیل کردئیے گئے ہیں اور 25ہزار 799 یونٹس کو وارننگز جاری کی گئیں۔جبکہ پولی تھین بیگز کے خلاف مہم میں 11ہزار 356 کلو گرام شاپنگ بیگز تلف کرلئے گئے۔ گڈ گورننس حکمت عملی کے تحت صوبے بھر میں ہونے والی کاروائی پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ ڈائریکٹر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ مغیث ثنائاللہ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دو ماہ کے دوران تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران 2ہزار 829 ملین روپے مالیت کی 1ہزار 346 کنال اراضی واگزار کی گئی ہے۔ 389 کرش پلانٹس کیخلاف کاروائیاں عمل میں لائی گئیں۔557 بس اڈوں اور ٹرمینلز میں بھی بہتری لائی گئی ہے۔ 2ہزار 689 غیرقانونی سپیڈ بریکرز اور 1ہزار 484 غیر قانونی بل بورڈز کو ہٹایا گیا ہے۔ جبکہ مختلف کھیلوں کے 308 پروگرامات بھی منعقد کئے گئے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -