بلدیاتی تعلیمی اداروں میں ایکس ایم سی ایل کیڈر کا ایجوکیشن افسر لگایا جائے

بلدیاتی تعلیمی اداروں میں ایکس ایم سی ایل کیڈر کا ایجوکیشن افسر لگایا جائے

لاہور (سٹی رپورٹر) سابقہ بلدیہ عظمیٰ لاہور کے تعلیمی اداروں کے اساتذہ نے ڈی سی او لاہور سے مطالبہ کیا ہے کہ ایکس ایم سی ایل کیڈر کے اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے لئے سابقہ بلدیہ عظمیٰ کے سینئر افسر کو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر تعینات کیا جائے تاکہ اساتذہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوسکیں۔ یاد رہے کہ اس سلسلہ میں سیکرٹری بلدیات نے بھی گزشتہ سال ایک چھٹی ارسال کی تھی‘ جس میں صوبے کے تمام ڈی سی اوز کو ہدایات جاری کی تھیں کہ ایم سی ایل کیڈر کے اساتذہ کے مسائل متعلقہ افسر ہی سمجھ سکتا ہے‘ اس لئے اسی کیڈر کا ایجوکیشن افسر لگانا ضروری ہے۔ اساتذہ نے سیکرٹری بلدیات سے شکایت کی تھی کہ محکمہ تعلیم جنرل کیڈر کے افسران ایکس ایم سی ایل کے اساتذہ کے مسائل میں دلچسپی نہیں لیتے اور اس وقت ایکس ایم سی ایل کیڈر کا جو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر موجود ہے‘ وہ محکمہ تعلیم کے جنرل کیڈر کا ہے جبکہ ایکس ایم سی ایل میں متعدد ایسے دیانتدار ایجوکیشن افسر لگنے کے اہل افراد موجود ہیں۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ سیکرٹری بلدیات کی جانب سے جاری ہونے والے اس مراسلے پر تاحال ڈی سی او لاہور نے عملدرآمد نہیں کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1