حکومت بلوچستان میں ہزارہ کمیونٹی کیخلاف حملے روکنے کیلئے اقدامات کرے، عمران خان

حکومت بلوچستان میں ہزارہ کمیونٹی کیخلاف حملے روکنے کیلئے اقدامات کرے، عمران ...

لاہور(وقائع نگار)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایران سے کوئٹہ جانے والی شیعہ زائرین کی بس پر حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں 13معصوم جانوں کا ضیاع ہوا۔عمران خان نے اس حملے کو وحشیانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ہزارہ کمیونٹی کے خلاف پرتشدد حملوں کے ایک منظم منصوبے کا حصہ ہے، گزشتہ چھ مہینوں کے دوران ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ساٹھ لوگوں کو ہلاک کر دیاگیا ہے، عمران خان نے کہا کہ اگر ہزارہ کمیونٹی کے خلاف پرتشدد حملوں کی تعداد اور شدت میں خطرناک اضافے کے رجحان کو نہ روکا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، بلوچستان کی سلامتی کی صورتحال انتہائی غیر یقینی ہے اور ایک خاص کمیونٹی کے خلاف مسلسل حملے صوبے کی صورتحال کو مکمل انارکی کی سمت دھکیل سکتے ہیں،بہت سی معصوم جانوں کے ضیاع کے باوجود ہزارہ کمیونٹی کے تحفظ میں مسلسل ناکامی حکومت کی مجرمانہ غفلت کی نشاہدہی کرتی ہے، موجودہ صورتحال کا تقاضہ ہے کہ حکومت ہزارہ کمیونٹی کےخلاف حملوں کو روکنے کےلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے، عمران خان نے کالعدم تنظیم کےخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جواس وحشیانہ حملے کی کھلے عام ذمہ داری قبول کر چکی ہے، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ مکمل یکجہتی اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کیا۔

مزید : صفحہ اول