موسم گرما کے مشروبات

موسم گرما کے مشروبات

  

لذت، ذائقہ اور غذائیت سے بھرپور

پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے جس میں ایک نعمت چار موسم بھی ہیں۔ پاکستان کے بعض علاقوں میں موسم سارا سالمعتدل رہتا ہے جبکہ بعض علاقے چاروں موسموں کی لذت سے فائدہ اُٹھاتے ہیں۔ اِن علاقوں میں آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب شامل ہے جہاں چاروں موسم اپنا مکمل روپ دکھاتے ہیں۔ خاص طور پر گرمی کا موسم اِس علاقے کے لئے بہت اہم ہے، جہاں گرمی پھلوں اور سبزیوں کو پکانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے،وہیں گرمی اِس علاقے کے باسیوں کے لئے پریشانی کا باعث بھی بن جاتی ہے، لیکن آج کل گرمی نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگ بہت زیادہ تھکن اور پیاس کا شکار نظر آتے ہیں جس کا سب سے زیادہ اثر اُن کے کام پر ہوتا ہے اور ظاہر ہے کہ جسمانی کام کے بعد پیاس لگنا قدرتی امر ہے۔کام کے بعد لوگ بہت زیادہ پیاس محسوس کرنے لگ جاتے ہیں۔ پیاس سے نجات کے لئے آج کل پیپسی اور اِس جیسے مختلف سوفٹ ڈرنکس کا استعمال عام ہوچکا ہے، مگر ان سوفٹ ڈرنکس کو بار بار پینا کافی نقصان دہ ہوسکتا ہے۔یہ سوفٹ ڈرنکس آپ کو پینے کے بعد نقصان پہنچا سکتے ہیں، کیونکہ یہ سوفٹ ڈرنکس آپ کی پیاس کو بجھانے کی بجائے مزید بڑھا دیتے ہیں۔

آپ نے اکثر نوٹ کیا ہوگا کہ ایک کولڈ ڈرنکس کو پینے کے بعد آپ کو فوراً دوبارہ پیاس لگ جاتی ہے اور دوسری کولڈ ڈرنکس کی طلب ہونے لگتی ہے جس کی وجہ اِن میں الکوحل کی موجودگی کا ہونا ہے۔ اِن مشروبات کا دوسرا نقصان یہ ہے کہ اگر اِن کو زیادہ مقدار میں پیا جائے تو آپ موٹاپے اور اِس سے جڑی دیگر بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔ گرمیوں میں خود کو ٹھنڈک پہنچانے اور پیاس بجھانے کے لئے ٹھنڈے پانی،تازہ پھلوں اور سبزیوں کے جوس سے بہتر کچھ نہیں۔دیرپا تازگی اور گرمی کی شدت سے بچنے کے لئے بہتر ہوگا کہ آپ تازہ پھلوں کا جوس پئیں۔اِس سے آپ کو دو اہم فوائد حاصل ہوں گے۔ایک فائدہ تو یہ ہوگا کہ تازہ پھلوں کا جوس نہ صرف آپ کے جسم کو ٹھنڈا رکھے گا بلکہ آپ کو کام کرنے کی طاقت بھی فراہم کرے گا۔اِس کے ساتھ ساتھ یہ آپ کے جسم میں پانی کی کمی کو بھی بہتر طریقے سے پورا کرتا ہے۔تازہ پھلوں کا جوس پینے کا دوسرا سب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ پھلوں کے جوس قدرتی طور پر کم کیلوریز کے حامل ہوتے ہیں جس کی وجہ سے آپ موٹاپے کا شکار نہیں ہوتے۔اِس کے علاوہ چند ایسی سبزیاں بھی ہیں جن کو بہترین مشروب کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے جیسا کہ لیموں،کھیرا اور پودینہ، گرمیوں میں لیموں اور پودینے سے بنائے گئے مشروب جتنی ٹھنڈک مہیا کرتے ہیں اُس کا متبادل کوئی اور مشروب نہیں ہوتا۔اِس لئے ہم آپ کو درج ذیل پھلوں اور سبزیوں سے بننے والے چند مشروب کے فوائد بیان کر رہے ہیں جن کو آپ گرمیوں میں پی سکتے ہیں۔

تازہ پودینے کا جوس

تازہ پودینے کا جوس مکمل طور پر تازگی بخش اور کیلوریز فری ہوتا ہے۔اِس کے علاوہ اِس کو پینے سے آپ کو کافی دیر تک پیاس محسوس نہیں ہوگی۔اِس مشروب کو بنانے کے لئے آپ ایک برتن میں چند پودینے کے پتے لیں اور اِس میں چار کپ پانی ڈال کر بوائل کرلیں۔اِس کے بعد پانی کو ٹھنڈا کرنے کے لئے ایک سے دو گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ٹھنڈا ہونے کے بعد پتوں کو پانی میں سے نکال لیں اور برف ڈال کر پئیں۔سجاوٹ کے لئے پودینے کے پتوں کا استعمال کریں۔

آم کا مشروب

گرمیوں کا موسم ہو اور آم اور اِس سے بنائے گئے مشروبات کا استعمال نہ کیا جائے،یہ تو ناممکن سی بات ہے۔آپ اور آپ کی فیملی میں موجود بچوں سمیت تمام لوگ آم کو بے حد پسند کرتے ہیں۔آم کو کھانے سے زیادہ بہتر ہے کہ آپ اِس سے بنائے گئے مشروبات کو زیادہ سے زیادہ پئیں۔اِس سے ایک تو آپ کی اور آپ کے گھر والوں کی صحت ٹھیک رہے گی،دوسرا آپ مزیدار جوسز بنا کر گھر والوں کا دل بھی جیت لیں گے۔آم کو مختلف چیزوں کے ساتھ ملا کر بہت سے مشروبات بنائے جاسکتے ہیں جیسے کہ آم اور دودھ کو ملا کر بنایا گیا ملک شیک۔

تربوز کا جوس

آم کے بعد تربوز گرمیوں میں سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا پھل ہے۔ہمارے ملک میں زیادہ تر لوگ اِس کو کھاتے ہیں لیکن اگر اِس کا جوس بنا کر پیا جائے تو اِس سے آپ کو بہت زیادہ طاقت اور ٹھنڈک ملے گی اور پیاس بھی کم لگے گی۔تربوز کا شربت بنانے کے لئے آپ ایک کپ تربوز کو بیج اور چھلکا نکال کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور بلینڈر میں ڈال کر تب تک بلینڈ کریں جب تک تربوز بالکل سمود نہ ہوجائے۔اب اِس میں 3 کھانے کے چمچ چینی،2چمچ لیموں کا رس اور آدھا کپ برف کے ٹکڑے ڈال کر بلینڈر میں اچھی طرح مکس کرلیں۔اِس کے بعد گلاس میں برف ڈال کر پیش کریں۔اِس مشروب کا ایک گلاس آ پ کو150 تک کیلوریز فراہم کرتا ہے جس میں 1گرام پروٹین اور20گرام کاربو ہائیڈریٹس شامل ہیں۔

لیموں کا جوس

لیموں کے جوس کا مشروب آپ کو گرمی کی تپش اور بھری دوپہر میں ٹھنڈک کا احساس دیتا ہے۔لیموں کے جوس سے مشروب بنانے کے لئے آپ ایک کپ لیموں کا جوس،2کھانے کے چمچ چینی،چند پودینے کے پتے، ایک کپ تازہ پانی اور 2سے3کپ برف لیں۔اب اِن تمام چیزوں کو ملا کر بلینڈر کی مدد سے مکس کرلیں اور برف ڈال کر پیش کریں۔اِس مشروب کا ایک گلاس آپ کو120کیلوریز فراہم کرتا ہے۔

فالسے کا شربت

آم کی طرح فالسہ بھی گرمیوں کے موسم کی بہت ہی اہم سوغات ہے جو بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں میں بھی مقبول ہے۔اگر آپ اِس مفید پھل کا مشروب بنا کر پئیں تو اِس سے آپ کو بہت زیادہ تسکین اور ٹھنڈک حاصل ہوگی۔ صرف یہی نہیں، فالسے کا مشروب ذائقے میں بھی بہت مزیدار ہوتا ہے۔اِس کو بنانے کے لئے آپ 2کپ فالسے،2چمچ چینی،4گلاس پانی لیں،1کپ برف لیں،اِن سب اجزاء کو اچھی طرح بلینڈر کی مدد سے مکس کرلیں۔جب تمام اجزاء اچھی طرح مکس ہوجائیں تو اُن کو گلاس میں نکال کر برف ڈال کر پئیں۔اِس مشروب کا ایک گلاس120گرام کیلوریز کا حامل ہوتا ہے جس میں 2گرام پروٹین اور25 گرام کاربو ہائیڈریٹس اور2گرام فیٹ شامل ہے۔

لسی

پاکستانی لوگوں کو لسی بہت پسند ہے چاہے وہ جس علاقے سے بھی تعلق رکھتے ہوں،لسی کی اِس مقبولیت کی وجہ اِس کا مزیدار ذائقہ ہے جو ہر کسی کا دل جیت لیتا ہے۔گرمیوں میں اِس کا استعمال بہت بڑھ جاتا ہے کیونکہ لسی دودھ یا دہی سے بنائی جاتی ہے جس کی وجہ سے اِس کی تاثیر بہت زیادہ ٹھنڈی ہوتی ہے۔لسی کو بنانا بہت آسان ہے۔اِس کے لئے آپ4کپ دہی، 1کپ دودھ،1کپ چینی اور برف اور پانی حسب منشا لیں۔اِن سب کو بلینڈر میں ڈال کر مکس کرلیں اور گلاس میں ڈال کر فوراً پیش کریں۔لسی کا ایک گلاس آپ کو220 کیلوریز فراہم کرتا ہے جس میں 30گرام کاربو ہائیڈریٹس اور3گرام تک کے قریب پروٹین شامل ہے۔

٭٭٭

مزید :

ایڈیشن 1 -