پاک فضائیہ ہاؤسنگ کیس، ملزم محمد حفیظ کے ریمانڈ میں توسیع
لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت نے پاک فضائیہ ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن سکینڈل میں ملوث ملزم محمد حفیظ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کردی،عدالت نے ملزم کو14 جولائی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیاہے،گزشتہ روز ملزم کو کورونا وائرس کے خدشات کے باعث ملزم کو عدالت میں پیش نہیں کیاگیا،دوران سماعت عدالت کی جانب سے ریفرنس دائر کرنے کے استفسار پر نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس اسلام آباد ہیڈ کوارٹر بھجوایا جاچکا ہے، جلد ہی دائر کردیا جائے گا، نیب کا موقف ہے کہ ملزم محمد حفیظ نے سادہ لوح شہریوں سے فراڈ کیا، ملزم نے پاک فضائیہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام سے متعدد لوگوں کو فارم بھی فروخت کئے،ملزم نے پاک فضائیہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام پر لوگوں سے 2 ارب روپے سے زیادہ کا فراڈ کیاہے۔