موسلاد ھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
لاہور (جنرل رپورٹر) شہر میں بارش سے نشیبی علاقوں زیر آب آ گئے، سب سے زیادہ بارش پانی والا تالاب کے مقام پر 28 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ لکشمی چوک میں 26، چوک ناخدا میں 24، فرخ آباد میں 22 ملی میٹر بارش ہوئی۔جیل روڈ پر 19 اعشاریہ 8، ایئر پورٹ پر 16 اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گلشن راوی میں 19، مغل پورہ 16، تاج پورہ 13، گلبرگ 9، اقبال ٹاؤن اور سمن آباد میں 4، 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔تفصیل کے مطابق ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ پر بادل برسے۔ گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، شادمان، شاہ جمال اور دیگر علاقوں میں بھی بوندیں برسیں۔ بارش ہونے سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔