حکومت کے پاس معیشت کو بچانے کیلئے کچھ بھی نہیں،مخدوم احمد محمود
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کے پاس ڈوبتی معیشت کی کشتی کو باہر نکالنے کا کوئی روڈ میپ نہیں اور نہ ہی معیشت آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر چل سکتی یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن و چیف کوآڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادرشاہین کے ہمراہ میڈیا آفس سے جاری مشترکہ بیان میں کہی کہ پاکستان میں مہنگائی غربت عالمی سازش سلیکٹڈ حکمران حصہ دار ہیں۔ سابق گورنر پنجاب نے کہا کہ آٹا چینی بجلی گیس تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں۔ حکومت سیاسی مسافروں اور یتیموں کے رحم و کرم پر ہے جنہیں خود اپنے ٹھکانے کا علم نہیں۔ نااہل ٹولہ اپنی حرکتوں کی وجہ سے چند مہینوں کا مہمان ہے۔ سڑکوں پر نکلنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا حکومت مخالف تحریک جلد زور پکڑ لے گی۔ سلیکٹڈ وزیراعظم اور انکی نااہل سرکار اپوزیشن اتحاد سے خوفزدہ ہے۔ مخالف سیاسی قائدین پر من گھڑت جھوٹے مقدمات کی کوئی حیثیت نہیں۔
پارٹی رہنماوں نے کہا کہ سونامی خان نے ہر طرف تباہی مچا دی، اسے اب روکنا ہوگا۔مافیاز نے سہولتکاری کر کے نیازی کو حکومت دلوائی اب مافیاز حکومت کر رہے ہیں۔گلا پھاڑ پھاڑ کر اور ہاتھ اچھال اچھال کر تقریر کرنے سے ملک نہیں چلا کرتے۔