وزیراعظم اور انکی پوری ٹیم کو وفاقی بجٹ منظور ہونے پر مبارکبا د: فیاض چوہان

  وزیراعظم اور انکی پوری ٹیم کو وفاقی بجٹ منظور ہونے پر مبارکبا د: فیاض چوہان

  

لاہور(این این آئی)صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے وفاقی بجٹ منظور ہونے پر وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انشا اللہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب کا بجٹ بھی پورے تزک و احتشام کے ساتھ منظور ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈیڑھ مہینے بعد حکومت جانے والی ہے کا راگ الاپنے والی متحدہ اپوزیشن کا ایڑھی چوٹی کا زور کسی کام نہ آ سکا۔ فیاض الحسن چوہان نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی بجٹ پاس ہونے کے بعد متحدہ اپوزیشن کی صفوں میں مشہور سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کے مشہور زمانہ شعر والا ماحول ہو گا۔ متحدہ اپوزیشن ”توں شاکر آپ سیانا ایں، ساڈے چہرے ویکھ حالات نہ پچھ“ کی جیتی جاگتی تصویر نظر آئے گی۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے نام پر اس بکھرے ہوئے ہجوم نے اپنے اپنے ادوار میں پوری دلجمعی اور خشوع وخضوع کے ساتھ پاکستان کو لوٹا ہے۔ اب وزیر اعظم عمران خان کی صورت میں احتساب کا تازیانہ متحدہ اپوزیشن کے سروں پر برس رہا ہے۔

فیاض چوہان

مزید :

صفحہ اول -