کرپشن خاتمے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، قوم کی پائی وصول کرینگے: چیئر مین نیب

کرپشن خاتمے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، قوم کی پائی وصول کرینگے: چیئر مین نیب

  

اسلام آباد(این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈجاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، نیب نے 2000 سے اب تک 466.469 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں،نیب افسران بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔ اپنے بیان میں چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کو 2019ء میں 2018ء کے مقابلہ میں دوگنی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ نیب کی سالانہ 2019ء کی رپورٹ کے مطابق نیب کو 2019ء میں مجموعی طور پر 53643 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 42760 پراسس کی گئیں جبکہ 2018ء میں 48591 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 4141کو نمٹایا گیا۔ نیب نے 2019ء میں 1308 شکایات کی جانچ پڑتال کی۔ 1686 انکوائریاں اور 609 انویسٹی گیشنز نمٹائی گئیں اور بدعنوان عناصر سے 141.542 ارب روپے وصول کئے گئے جبکہ 2000 سے اب تک 466.069 ارب روپے وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائے گئے جو کہ نمایاں کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے سینئر افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے۔ یہ ٹیم ایک ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر، انویسٹی گیشن آفیسر اور لیگل کنسلٹنٹ پر مشتمل ہے۔ اس ے نیب کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ نیب کی 2019ء میں 1983کیسز نمٹانے کیساتھ سزا کی شرح 68.8فیصد ہے۔ نیب نے راولپنڈی میں اپنی فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی ہے۔ 2019ء میں اس لیبارٹری سے 5کیسز میں 300انگوٹھوں کے نشانات، 15747 سوالیہ دستاویزات اور ڈیجیٹل فرانزک کیلئے 7 ڈیوائسز(لیپ ٹاپ، موبائل ونز اور ہارڈ ڈسک وغیرہ کا فرانزک تجزیہ کیا گیا۔ نیب کی معزز احتساب عدالتوں میں 1219کرپشن ریفرنسز زیرسماعت ہیں جن کی مالیت 900ارب روپے ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ مفروروں اور اشتہاریوں کو گرفتار کیا جائے گا اور ان سے لوٹی ہوئی رقم کی وصولی کے لئے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور یہ رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائے گی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے نیب پوری طرح سے تیار ہے۔ انہوں نے نیب کے تمام ریجنل بیوروز کو ہدایت کی کہ وہ زیر سماعت کرپشن ریفرنسز کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے قابل احترام احتساب عدالتوں میں درخواستیں دائر کریں۔ انہوں نے تمام پراسیکیوٹرز کو ہدایت کی کہ وہ قانون کے مطابق مکمل تیاری کے ساتھ مقدمات کی ٹھوس شواہد کی بنیاد پر پیروی کریں تا کہ ان کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نیب دنیا کا واحد ادارہ ہے جس نے وائٹ کالر کرائم کیس کو نمٹانے کے لئے 10ماہ کا وقت مقرر کیا ہے۔ واضح رہے کہ نیب نے اپنے عمل سے نہ صرف قانون کے مطابق غیرجانبداری اور انصاف کے الفاظ کو ثابت کیا ہے بلکہ بڑی مچھلیوں کے خلاف بلا امتیاز اقدامات شروع کیے ہیں۔ معروف قومی اور بین الاقوامی ادارے نیب کی بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے میرٹ اور بلاامتیاز کاوشوں کی تعریف کر رہے ہیں۔

چیئرمین نیب

مزید :

صفحہ اول -